جی 7 اجلاس: پیوش گوئل کی آج سوئٹزرلینڈ اوراٹلی روانگی

   

نئی دہلی:مرکزی وزیر کامرس و صنعت پیوش گوئل جی 7 ممالک کے وزرائے تجارت کے اجلاس کے رابطہ پروگرام میں شرکت کیلئے16 اور 17جولائی کو اٹلی کے دورے پر ہوں گے ۔یہ کانفرنس وہاں ریگیو کیلابریا میں منعقد ہوگی ۔قبل ازیں وہ14اور15 جولائی کو سوئٹزرلینڈ کا دورہ کریں گے اور وہاں کے عہدیداروں سے یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن (ای ایف ٹی اے ) اور تجارتی و اقتصادی شراکت داری کے معاہدے (ٹی ای پی اے ) کے نفاذ نیزسوئٹزرلینڈ کے ساتھ سرمایہ کاری کے تعلقات میں توسیع پر وہاں کے حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے ۔

وزارت تجارت کی ہفتہ کو جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق، مسٹر گوئل جی 7 ممالک کے وزرائے تجارت اور کنیکٹیویٹی پروگرام کے لیے مدعو دیگر ممالک کے وزراء کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ میں بھی شرکت کریں گے ۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ان میٹنگوں میں وزیر تجارت کی شرکت سے عالمی تجارت اور سرمایہ کاری کی شراکت داری کے تئیں ہندوستان کے عزم کو تقویت ملے گی۔