جی ایس ٹی : چھوٹے تاجرین کو ’بڑی راحت‘

   

نئی دہلی ، 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چھوٹے تاجرین کیلئے ’’زبردست راحت‘‘ میں جی ایس ٹی کونسل نے آج گڈز اینڈ سرویسیس ٹیکس (GST) کی ادائیگی سے استثنا کی حد کو دوگنی کرتے ہوئے 40 لاکھ روپئے کردیا اور اعلان کیا کہ 1 فیصد ٹیکس ادا کرنے کی کمپوزیشن اسکیم سے استفادے کیلئے 1.5 کروڑ روپئے کے اونچے سالانہ کاروبار کی حد یکم اپریل سے نافذ العمل ہوگی۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ کونسل نے کیرالا کو دو سال تک اشیاء اور خدمات کی درون ریاست فروخت پر 1 فیصد آفت سماوی سیس عائد کرنے کی اجازت بھی دی ہے تاکہ گزشتہ سال سیلاب سے تباہ حال ریاست کے حصوں کی بازآبادکاری کی لاگت پوری کرنے کیلئے فنڈز جٹائے جاسکیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان جن کا مجموعی سالانہ کاروبار 40 لاکھ روپئے ہو، اب جی ایس ٹی سے مستثنا رہیں گے۔ موجودہ طور پر 20 لاکھ کے ٹرن اوور والے بزنس کو جی ایس ٹی رجسٹریشن سے استثنا ہے جبکہ پہاڑی اور شمال مشرقی ریاستوں کیلئے یہ حد 10 لاکھ روپئے ہے۔