جی ایچ ایم سی اسٹانڈنگ کمیٹی کے 15 ارکان بلا مقابلہ منتخب

   

بی آر ایس کے دو ا میدوار کی دستبرداری سے مجلس کے 8 اور کانگریس کے 7 ارکان منتخب ہوگئے
حیدرآباد /21 فروری ( سیاست نیوز ) جی ایچ ایم سی اسٹانڈنگ کمیٹی انتخابات پھر ایک مرتبہ بلامقابلہ ہوئے ہیں۔ بی آر ایس کے دونوں کارپوریٹرس نے اپنے پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے 15 ارکان کیلئے جملہ 17 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کی ہے ۔ مجلس سے 8 کانگریس کے 7 اور بی آر ایس کے دو امیدواروں نے پرچہ نامزدگیاں داخل کی تھی ۔ عددی طاقت نہ ہونے سے بی جے پی نے اسٹانڈنگ کمیٹی انتخابات سے دوری اختیار کی ہے۔ بی آر ایس کے دو امیدواروں کی دستبرداری سے انتخابات بلامقابلہ ہوگئے ۔ مجلس کے 8 اور کانگریس کے 7 ارکان جی ایچ ایم سی اسٹانڈنگ کمیٹی کیلئے بلامقابلہ منتخب ہوگئے ۔ ریاست میں جب بی آر ایس کی حکومت تھی تب جی ایچ ایم سی میں بی آر ایس کی عددی طاقت زیادہ ہونے کی وجہ سے بی آر ایس کے 8 اور مجلس کے 7 ارکان ایک دوسرے سے اتحاد کرتے ہوئے گذشتہ 9 سال سے اسٹانڈنگ کمیٹی کیلئے بلامقابلہ منتخب ہوتے رہے ۔ ریاست میں کانگریس کی حکومت قائم ہوئی ہے ۔ جس کے بعد کئی کارپوریٹرس کانگریس میں شامل ہوگئے ۔ اب جی ایچ ایم سی میں کانگریس کی عددی طاقت بڑھ کر 25 ہوگئی ہے ۔ اقتدار کے ساتھ رہنے والی مجلس نے اس بار کانگریس سے مفاہمت کی ۔ تاہم جی ایچ ایم سی میں مجلس کی عددی طاقت کانگریس سے زیادہ ہونے سے اسٹانڈنگ کمیٹی انتخابات میں مجلس کے 8 اور کانگریس کے 7 ارکان کیلئے اتفاق رائے پیدا ہوا ہے۔ جی ایچ ایم سی اسٹانڈنگ کمیٹی کے 10 سال سے بلامقابلہ انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ 2