جی ایچ ایم سی کی ٹریفک اینڈ ٹرانسپورٹیشن ونگ کو بحال کیا جائے گا

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 13 اگست (سیاست نیوز) ٹریفک کے انتظام کو بہتر بنانے اور مختلف سرکاری محکمہ جات کے درمیان تال میل کے لئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی جانب سے اس کی ٹریفک اینڈ ٹرانسپورٹیشن (T&T) ونگ کو بحال کیا جائے گا۔ یہ اقدام، انفراسٹرکچر پراجکٹس پر ٹریفک پولیس کے یکطرفہ فیصلوں کے واقعات کے بعد جس میں تال میل کے فقدان کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گیا، کیا جارہا ہے۔ بحال کی جانے والی یہ ٹی اینڈ ٹی ونگ ایڈیشنل کمشنر رتبہ کے ایک سینئر عہدیدار کی قیادت میں ہوگی جو ایک جامع ٹیم کی نگرانی کریں گے۔ یہ فیصلہ 64 ویں سٹی کنورجینس میٹنگ میں کیا گیا جس میں وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے مختلف محکمہ جات کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔ کے ٹی راما راؤ سیری لنگم پلی میں آئکیا کے قریب بائیکل ٹرئیک کے ایک پورشن کو سائبر آباد کمشنریٹ کے ٹریفک پولیس ملازمین کی جانب سے جی ایچ ایم سی سے صلاح و مشورہ کے بغیر منہدم کرنے کی اطلاعات پر ردعمل ظاہر کررہے تھے۔ اس میٹنگ میں موجود ٹریفک پولیس کے سینئر عہدیداروں کو وزیر بلدی نظم و نسق نے بتایا کہ ’’یہ اچھا نہیں معلوم ہوتا ہے۔ کوئی بھی اس طرح کا کام جی ایچ ایم سی سے مشورہ کرکے کیا جانا چاہئے۔‘‘