امیدوار بنانے پر اظہار تشکر ، 16 اگست کے بعد ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں شدت پیدا ہوگی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : اسمبلی حلقہ حضور آباد کے امیدوار جی سرینواس یادو نے آج پرگتی بھون پہونچکر چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی اور انہیں ضمنی انتخابات کے لیے امیدوار بنانے پر اظہار تشکر کیا ۔ 16 اگست کو حضور آباد اسمبلی حلقہ میں منعقد ہونے والے ایک جلسہ عام میں چیف منسٹر کے سی آر انہیں بحیثیت پارٹی امیدوار عوام کو متعارف کرائیں گے ۔ جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے ٹی آر ایس کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کل جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا تھا ۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے جی سرینواس یادو کو ان کی کامیابی کے تعلق سے مکمل یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں آئے ہیں ۔ عوام حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں ۔ ساتھ ہی 16 اگست سے قبل اسمبلی حلقہ حضور آباد کے دو لاکھ رائے دہندوں کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے حکومت کی فلاحی اسکیمات بالخصوص حلقہ اسمبلی حضور آباد کی ترقی کے لیے کئے جانے والے اقدامات کا مکتوبات میں تذکرہ کیا جارہا ہے ۔ امکان ہے کہ 16 اگست کے بعد ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں شدت پیدا ہوجائے گی ۔ ٹی آر ایس کی جانب سے حضور آباد اسمبلی حلقہ کی انتخابی مہم کے لیے شیڈول تیار کیا گیا ہے ۔ وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ پارٹی قائدین کو انتخابی مہم کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور انہیں ہر دن اسمبلی حلقہ حضور آباد کے مختلف علاقوں میں سماج کے مختلف طبقات سے علحدہ علحدہ ملاقاتیں کرتے ہوئے انہیں حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کرانے پر زور دیا گیا ہے ۔۔