جین بھون کیلئے حیدرآباد میں 2ایکر اراضی اور مہاویر ہاسپٹل کی اراضی مفت الاٹ

   

چیف منسٹر سے جین طبقہ کے نمائندوں کی ملاقات، اقلیتی کمیشن میں شامل کرنے پر اظہار تشکر

حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد کے اوپل بھگایت علاقہ میں جین ہوم کی تعمیر کیلئے 2 ایکر اراضی منظور کی ہے۔ اس کے علاوہ مہاویر ہاسپٹل کی اراضی کو سرکاری لیز کے بجائے مفت میں حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔ جین طبقہ کے مذہبی نمائندوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے سکریٹریٹ میں ملاقات کی اور جین طبقہ کو اقلیتی کمیشن میں شامل کرنے اور ایک رکن نامزد کرنے کے فیصلہ پر اظہار تشکرکیا۔ انہوں نے چیف منسٹر سے جین بھون کیلئے2 ایکر اراضی الاٹ کرنے اور مہاویر ہاسپٹل کی اراضی کو لیز کے بجائے مفت الاٹ کرنے کی درخواست کی جسے چیف منسٹر نے منظور کرلیا۔ مہاویر ہاسپٹل کے صدرنشین اور مذہبی رہنماؤں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ مہاویر ہاسپٹل مانصاحب ٹینک کئی دہوں سے عوام کی خدمت کررہا ہے لہذا اراضی کو مفت الاٹ کیا جائے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت مذہبی اقلیتوں کی بھلائی اور ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ حکومت کا اہم مقصد مختلف مذاہب اور تہذیبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو امن اور ہم آہنگی کے ذریعہ تلنگانہ میں زندگی بسر کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ تلنگانہ گنگا جمنی تہذیب کا مرکز ہے۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ گذشتہ 75 برسوں میں ملک کے حکمراں عوام کو پانی، اراضی، بہتر ماحول اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے ملک میں قدرتی وسائل کی موجودگی کا حوالہ دیا اور کہا کہ حکمرانوں میں دوراندیشی کی کمی کے نتیجہ میں زرعی شعبہ اور کسانوں کیلئے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ تلنگانہ ریاست عوام کے تعاون سے ملک میں ترقی یافتہ ریاست بن چکی ہے۔ تلنگانہ کی طرح ملک کے دیگر علاقوں میں ترقی دینے کا عزم ہے۔ جین طبقہ کے مذہبی رہنماؤں نے تلنگانہ کی ترقی اور امن و ضبط کی برقراری پر چیف منسٹر کے سی آر کی ستائش کی اور کہا کہ تلنگانہ ریاست صنعتی ترقی میں ملک کیلئے مثال بن چکی ہے اور یہ ترقی کے سی آر کی دوراندیشی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے زرعی شعبہ اور دیگر انفرااسٹرکچر کے لئے معیاری برقی سربراہی کی ستائش کی۔ سری جین سیوا سنگھ کے صدرنشین اشوک بارمیچا، صدر یوگیش جین، نائب صدر ونود سنچٹی، سکریٹری زیمورا، جین رتنا ایوارڈ یافتہ اور بانی سکریٹری سریندر لونیا، مہاویر ہاسپٹل کے سابق صدرنشین موتی لال جین، سابق صدر گوتم لودا، سابق سکریٹری بسنت، سابق صدر گوتم کھنڈ جین، جیولری اسوسی ایشن کے صدر اشوک شرمل جین، جے پرکاش بنگڑ، ٹی سائی کرن اور دوسرے موجود تھے۔ر