جے این یو میں ’احتجاج‘کو ’قابل سزا جرم‘قرار دینا قابل مذمت:اے بی وی پی

   

نئی دہلی: اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد نے قومی دارالحکومت دہلی میں واقع جواہر لال نہرو یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ اس حکم کی مذمت کی ہے ، جس کے تحت یونیورسٹی کیمپس میں احتجاج کو قابل سزا جرم قرار دیا گیا ہے ۔پریشد نے کہا کہ یہ حکم طلبہ کے یونیورسٹی کیمپس میں احتجاج کرنے کے حق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ یہ حکم طلباء کی آزادی اظہار اور اختلاف رائے کے ان کے بنیادی حق کی خلاف ورزی کرے گا۔ اے بی وی پی کے مطابق جے این یو کیمپس طلباء کیلئے وہ جگہ ہے جہاں خیالات کا تبادلہ ہوتا ہے۔جے این یو جیسے کیمپس میں طلبہ کو اپنے مسائل اٹھانے اور احتجاج کرنے کا حق ہونا چاہیے ۔ یہ حکم ڈین (طلبہ) کے دفتر نے جاری کیا ہے ۔ اے بی وی پی نے کہا ہیکہ یہ حکم ڈین (طلباء) منورادھا چودھری کے آمرانہ رویہ کی عکاسی کرتا ہے۔ نئے حکم نامے میں کہا گیا ہیکہ کسی بھی تعلیمی اور انتظامی کیمپس کے 100 میٹر کے دائرے میں بھوک ہڑتال، دھرنا، بڑے پیمانے پر داخلہ اور کسی بھی قسم کے مظاہرے پر پابندی ہے ۔