نئی دہلی ۔ 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری عہدیداروں نے کہا ہیکہ مخالف دہشت گردی قانون میں کی جانے والی مجوزہ ترمیمات بعد منظوری نافذالاثر ہوجانے کے بعد ہندوستان کو شدت سے مطلوب حافظ سعید اور مسعود اظہر ہی وہ پہلے دو افراد ہوں گے جنہیں دہشت گرد قرار دیا جائے گا۔ غیرقانونی سرگرمیوں (انسداد) ترمیمی بل 2019ء لوک سبھا میں منظور کیا جائے گا اور راجیہ سبھا میں منظوری کا منتظر ہے جس کے تحت ایسے افراد کو ایک مرتبہ دہشت گرد قرار دیئے جانے کے بعد ان کی جائیدادیں ضبط کی جاسکتی ہیں اور بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ 2008ء کے ممبئی دہشت گرد حملوں کے اصل سازشی سرغنہ حافظ سعید کے علاوہ پارلیمنٹ پر 2001ء میں ہوئے حملے اور حالیہ دہشت گرد حملے کے سرغنہ مسعود اظہر ہی ایسے دو افراد ہوں گے جن پر سب سے پہلے پابندی عائد کی جائے گی۔