حج 2022 ء مہنگااور ڈیجیٹل،تاحال20ہزار درخواستیں وصول

,

   

صرف 10مقامات سے روانگی ،حج انتظامات میں اہم اصلاحات اور سہولتوں کی فراہمی :مختار عبّاس نقوی

ممبئی :مرکزی وزیر برائے اقلیّتی امور اور ڈپٹی لیڈر، راجیہ سبھا مختار عبّاس نقوی نے کہا کہ گذشتہ سات برسوں میں ہندوستان سے سفرِ حج کے انتظامات میں اہم اصلاحات اور سہولتوں کی فراہمی سے حج کے عمل کو بے حد آسان بنایا گیاہے ۔انہوں نے یہ بات آج یہاں حج 2022 کی تیّاریوں سے متعلّق حج کمیٹی آف اِنڈیا کے اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ اجلاس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ حج سبسیڈی ختم کرنے ، بغیر محرم (مرد رشتہ دار) کے مسلم خواتین کے سفرِ حج پر لگی پابندی کو ختم کرنے ، تمام حج کے عمل کو صد فیصد ڈیجیٹل کرنے وغیرہ جیسی اصلاحات سے ’اِیز آف ڈوئینگ حج‘ کو تقویت حاصل ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف اِنڈیا کا پورٹل، حج گروپ آرگنائزرس کا پورٹل، ڈیجیٹل ہیلتھ کارڈ، ‘‘ اِی۔ مسیحاصحت کے ضمن میں سہولیات، مکّہ ۔ مدینہ میں قیام کے لئے بلڈنگ / ٹرانسپورٹیشن کی معلومات ہندوستان میں ہی فراہم کرنے والی ’اِی۔لگیج ٹیگنگ‘کی سہولیات، اِی۔ویزا، جدید سہولیات سے لیس ‘حج موبائل ایپ’ وغیرہ سے ہندوستانی عازمینِ حج کی سہولیات، تحفظ، آسانیوں کی فراہمی کو یقینی بنایاگیا ہے اور ہندوستان میں حج 2022ء کا پورا عمل صد فیصد آن۔ لائن / ڈیجیٹل ہو گا۔ انڈونیشیا کے بعد زیادہ تر عازمینِ حج ہندوستان سے روانہ ہوتے ہیں۔ نقوی نے کہاکہ عازمینِ حج کے انتخاب کا عمل کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لئے جانے اور ہندوستان اور حکومت سعودی عرب کے ذریعہ حج 2022 کے اوقات کے تعیّن کئے جانے والے کورونا پروٹوکول، ہدایات اور رہنما اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج 2022 ء کے لئے آن۔لائن درخواست دینے کے عمل کا آغاز یکم نومبر سے ہو چکا ہے اور آخری تاریخ 31 جنوری 2022 ء رکھی گئی ہے ۔ حج کے لئے درخواست، آن۔ لائن اور ’حج موبائل ایپ‘ کے ذریعہ کئے جا رہے ہیں۔ اِس کی ٹیگ لائن حج ایپ اِن یور ہینڈHaj App In Your Hand ہے ۔ اِس میں حج کی درخواست، درخواست فارم بھرنے کی مکمل معلومات، درخواست فارم بھرنے کے عمل کا ویڈیو وغیرہ موجود ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ابھی تک 20 ہزار سے زیادہ عازمینِ کرام نے حج 2022 ء کے لئے درخواست دی ہے ۔ جس میں سو (100) سے زیادہ خواتین نے بغیر محرم کے درخواست دی ہے ۔ نقوی نے کہا کہ اس مرتبہ حج 2022 کے لئے 21کے بجائے 10مراکز سے روانگی ہوگی جن میں احمدآباد، بنگلورو، کوچّی، دِلّی، گواہاٹی، حیدرآباد، کولکاتہ، لکھنؤ، ممبئی اور سری نگر شامل ہیں۔ احمدآباد سے گجرات کے عازمینِ ، بینگلورو سے کرناٹک اور آندھرا پردیش کے چِتّور ضلع کے عازمینِ ، کوچّی مرکزِ سے کیرل، لکشدیپ، پدّو چیری، تامل ناڈو، انڈمان اور نکوبار کے عازمینِ، دِلّی مرکزِ سے دِلّی، پنجاب، ہریانہ ہماچل پردیش، چندی گڈھ، اتراکھنڈ، مغربی اتر پردیش اور راجستھان کے عازمینِ حج، سفرِ حج 2022 ء پر جاسکیں گے ۔ گواہاٹی مرکزِ سے آسام، میگھالیہ، منی پور، ناگا لینڈ، اروناچل پردیش اور سکم کے عازمینِ ، حیدرآباد سے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے عازمینِ حج، کولکاتہ مرکزِ سے مغربی بنگال، اوڈیشہ، تری پورہ، جھارکھنڈ اور بہار کے عازمینِ حج روانہ ہو سکیں گے ۔لکھنؤ مرکزِ سے مغربی اترپردیش کو چھوڑ کر سارے اتّر پردیش کے عازمینِ حج، ممبئی مرکزِ سے مہاراشٹر، مدھّیہ پردیش، چھتّیس گڈھ، دمن اور دیو، دادرا اور نگر حویلی اور گوا کے عازمینِ حج اور سری نگر مرکز سے جمّوں وکشمیر، لیہہ ، لداخ،کارگل کے عازمینِ حج 2022 ء پر جا سکیں گے ۔