نئی دہلی: برسوں سے ملک کے عازمین حج کو سہولت دلانے کے لئے کوشاں اتر پر دیش حج کمیٹی سے دوبار منتخب مرکزی حج کمیٹی کے سابق ممبر حافظ نوشاد احمد اعظمی نے مرکزی وزارت حج اور حج کمیٹی آف انڈیا سے وارانسی سمیت 9 امبارکیشن پوائنٹ جو 2022 میں بند کردیے گئے تھے اسے 2023 میں پھر سے شروع کرانے کا مطالبہ دہرا یاہے ۔ اعظمی نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ وارانسی گیا،رانچی،بھوپال،جے پور،کالی کٹ،اورنگ آباد،ناگ پور،چنئی ، ان جگہوں سے 2022 میں وزارت اورحج کمیٹی میں کووڈ کا بہانہ بناکر وہاں کے عازمین سے یہ سہولت چھین لی تھی جسے پھر سے شروع کرانا عازمین حج کے مفاد میں بے حدضروری ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم نے وزارت حج کمیٹی اور مرکزی وزیر محترمہ اسمرتی ایرانی کو لگاتار خطوط لکھے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ تین مہینہ کے اندر مجھے اس سلسلے میں وزارت اور حج کمیٹی کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیاگیا ہے ۔ واضح رہے کہ 12؍نومبر کو دہلی میں حج کانفرنس جو منعقد ہورہی ہے ہم امید کرتے ہیں کہ حج کمیٹی آف انڈیا اور وزارت حج وہ اس سلسلے میں فیصلہ لے کر ان 9 جگہوں سے پرواز شروع کرنے کا اعلان کریں گے ۔ اعظمی نے کہا کہ وزارت اور حج کمیٹی نے اگر دو ہفتہ کے اندر جن جگہوں سے حج 2023کے لیے حج پروازشروع کرنے کا اعلان نہیں کیاتو ہم ان عازمین حج کو سہولت اور انصاف دلانے کے لیے عدالت عظمیٰ کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حج کمیٹیوں اورمرکزی حج کمیٹی کی تشکیل اور دیگر معاملوں کو لے کرایک عرضی مفاد عامہ کی سپریم کورٹ میں چل رہی ہے جس میں ہمیں بہت حد تک کامیابی مل چکی ہے انھوں نے اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین سے بھی اس مطالبہ پر شدت اختیار کرنے کی اپیل کی ہے ۔