ضلع حج سوسائٹیز کے عہدیداروں کا آج اجلاس، جناب خسرو پاشاہ کا بیان
حیدرآباد ۔16۔ڈسمبر (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2025 کیلئے دوسری قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں 30 ڈسمبر تک توسیع کی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نظیم احمد نے اس سلسلہ میں ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کیا ہے ۔ ایسے عازمین جنہوں نے سفر اخراجات کی پہلی قسط ادا کردی ہے ، انہیں دوسری قسط کے طور پر 142000 روپئے ادا کرنے ہیں۔ جبکہ ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین کو دونوں اقساط کی مجموعی رقم کے طور پر 272300 روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ رقم کی ادائیگی کیلئے 16 ڈسمبر آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن مختلف گوشوں سے نمائندگی کے بعد آخری تاریخ میں 30 ڈسمبر تک توسیع کی گئی ہے ۔ عازمین حج حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ یا حج سویدھا ایپ کے ذریعہ رقم جمع کراسکتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں یہ رقم جمع کرائی جاسکتی ہے۔ ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین کو رقم کی ادائیگی کے بعد یکم جنوری تک دستاویزات کی کاپی ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرانی ہوگی۔ تیسری قسط اور سفری اخراجات کی مابقی رقم کا تعین سعودی عرب میں قیام کے اخراجات اور سفری کرایہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں عنقریب اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ حج 2025 کیلئے امبارکیشن پوائنٹس کے اعتبار سے سفری اخراجات کی تفصیلات حج کمیٹی کے ویب سائیٹ پر فراہم کی گئی ہے۔ عازمین حج سے خواہش کی گئی کہ دوسری قسط کی ادائیگی مقررہ مدت میں کرتے ہوئے اپنے انتخاب کو یقینی بنائیں۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے کل 17 ڈسمبر کو تمام ضلع حج سوسائٹیوں کے صدور اور سکریٹریز کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے کہا کہ عازمین حج کی روانگی کے موقع پر موثر انتظامات اور تربیتی کلاسس طئے کرنے کیلئے 11 بجے دن حج ہاؤز نامپلی میں اجلاس منعقد ہوگا۔ گزشتہ سال کے تجربات کی روشنی میں انتظامات کو قطعیت دی جائے گی۔ حج کمیٹی کا پہلا تربیتی کیمپ 22 ڈسمبر کو ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال اولڈ ملک پیٹ میں منعقد ہوگا۔ 1