نئی دہلی۔31؍جولائی (ایجنسیز ) حج بیت اللہ 2026 کیلئے آن لائن درخواست فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 7 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے کہا ہے کہ عازمین کرام کی جانب سے موصول متواتر درخواستو ں کی بنیاد پر تمام ریاستی حج کمیٹیوں کی تجاویز کے مطابق آخری تاریخ میں یہ توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب ایسے تمام حج درخواست دہندگان جو کسی بھی وجہ سے ابھی تک درخواست نہیں جمع کرا سکے ہیں، اس سنہری موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد سے جلد اپنے فارم جمع کرا دیں۔ مزید یہ کہ اس کے بعد حج فارم بھرنے کی مدت میں آئندہ کوئی توسیع ممکن نہیں ہوگی اور 7 اگست کی آخری تاریخ کے بعد جلد ہی عازمین کے انتخاب کیلئے آن لائن قرعہ اندازی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا اور قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے عازمین کو 20 اگست 2025 تک 1,52,300 روپئے کی پیشگی رقم فوری طور پر جمع کرانی ہوگی۔ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او کی جانب سے ریاستی حج کمیٹیوں کے ایگزیکٹیو آفیسر کو حج فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کی منظوری کی اطلاع دی گئی ہے ۔
موصول ہونے کے بعد دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی طرف سے یہ اطلاع مختلف ذرائع سے عازمین تک پہنچا دی گئی ہیں۔