حج درخواست فارم کے ادخال کی تاریخ میں /23 ڈسمبر تک توسیع

   

حیدرآباد ۔ /17 ڈسمبر (سیاست نیوز) جج 2020 ء کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ میں /23 ڈسمبر تک توسیع کی گئی ہے ۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے اس سلسلہ میں سرکیولر جاری کرتے ہوئے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو توسیع کے بارے میں اطلاع دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ /17 ڈسمبر مقرر کی گئی تھی ۔ تاہم مختلف گوشوں سے توسیع کے سلسلے میں نمائندگیاں اصول ہوئیں ۔ جس کے نتیجہ میں آخری تاریخ /23 ڈسمبر مقرر کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں تاحال 2 لاکھ 10 ہزار درخواستیں داخل کی گئیں ہیں ۔ گزشتہ سال یہ تعداد تقریباً 2 لاکھ 60 ہزار تک تھی ۔ انہوں نے کہا کہ حج کوٹہ میں اضافہ کے سبب ہر سال زائد تعداد میں عازمین کو فریضہ حج کی سعادت کا موقع نصیب ہورہا ہے ۔ لہذا درخواستوں کی تعداد میں کمی فطری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ /23 ڈسمبر کے بعد قرعہ اندازی کی تاریخ طئے کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے خواہشمند افراد جن کے پاس مشین سے پڑھا جانے والا انٹرنیشنل پاسپورٹ ہو جو /23 ڈسمبر 2019 ء سے قبل جاری کردہ اور جس کی مہلت /20 جنوری 2021 ء تک ہو وہ درخواست دینے کے اہل ہیں ۔ سنٹرل حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں ۔