نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر جناب جاوید عالم خان نے اپنے پریس بیانیہ میں بتایا کہ حج2023 پر جانے کے خواہشمند لوگوں کے لیے یہ اچھی خبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج2023کے لیے حج کمیٹی آف انڈیا کے سرکلر نمبر 4 مورخہ 10؍مارچ2023 کے مطابق آن لائن حج فارم بھرنے کی آخری تاریخ جو کہ 10؍مارچ2023 تھیں۔ اس میں توسیع کرکے 20؍مارچ 2023 شام 5بجے تک کردی گئی ہے۔جناب جاوید عالم خان نے مزید بتایا کہ جو لوگ حج2023 پر جانے کے خواہشمند ہیں اور کسی وجہ سے آن لائن درخواست نہیں دے سکے تھے وہ اب 20؍مارچ2023 شام5بجے تک درخواست دے سکتے ہیں۔درخواست گذار کے پاس20؍مارچ 2023 یا اس سے پہلے کا جاری کیا ہوا مشین ریڈیبل پاسپورٹ ہونا چاہیے جس کی میعاد کم سے کم 03؍فروری2024یا اس کے بعد کی تاریخ تک ہونا لازمی ہے۔ساتھ ہی پاسپورٹ سائز فوٹو، آدھار کارڈ، کورونا ویکسین سرٹیفکٹ اورگروپ لیڈر کا بینک اکاونٹ کا کینسل چیک ہونا بھی لازمی ہے۔ ایک گروپ میں زیادہ سے زیادہ4 لوگ درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ45سال سے زیادہ عمر کی خواتین اکیلی بھی درخواست دینے کی اہل ہونگی۔