حسن آباد میں ریاستی وزیر پونم پربھاکر کے ہاتھوں ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد

   

سدی پیٹ۔ 27 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد اسمبلی حلقے میں آج کئی ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر ایک جلسہ عام کا انعقاد لڑکوں کے اسکول میں کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس اہم موقع پر ریاستی وزراء تمّلا ناگیشور راؤ، دامودر راج نرسمہا، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور پونم پربھاکر مہمانانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ ماناکنڈور کے رکنِ اسمبلی کومپلی ستیہ نارائنہ، ضلع کلکٹر ہیماؤتی، لائبریری چیئرمین، مارکیٹ کمیٹی چیئرمین اور مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ طویل عرصے سے زیر التوا ترقیاتی کاموں کو اب رفتار دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکنّا پیٹ سے جنگاؤں تک چار لائنوں پر مشتمل نئی سڑک جلد ہی تعمیر کی جائے گی، اس سلسلے میں بَندی سنجے سے بھی اپیل کی گئی ہے۔ یلاّمّا چیروو، انجینئرنگ کالج اور سیاحتی منصوبوں سمیت متعدد ترقیاتی کاموں پر عمل جاری ہے۔ وزیر نے یقین دلایا کہ حسن آباد کو ہر میدان میں ترقی یافتہ بنایا جائے گا۔