حسینی علم کے ٹیکسٹائل دوکانات میں آتشزدگی

   

Ferty9 Clinic

شارٹ سرکٹ کا گمان، پولیس مصروف تحقیقات

حیدرآباد : پرانے شہر کے علاقے موسیٰ باؤلی حسینی علم میں کل رات دیر گئے ایک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں بعض ٹیکسٹائیلس کی دوکانات جلکر خاکستر ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق کل رات تقریباً 9.30 بجے مقامی عوام نے دوکانات سے دھواں نکلتا ہوا دیکھ کر پولیس کنٹرول روم کو آگاہ کیا اور پولیس نے محکمہ فائر کو اطلاع دینے پر چندولال بارہ دری سے وابستہ فائر انجن جائے حادثہ پر پہنچ گئے ۔ یہ واقعہ مین روڈ پر پیش آنے کے نتیجہ میں راحت کاری کاموں کو دیکھنے کیلئے بھاری تعداد میں مقامی عوام جمع ہوگئی جس کے نتیجہ میں ٹریفک جام ہوگئی ۔ پولیس حسینی علم سے وابستہ پولیس کی ٹیم وہاں پہنچ کر عوام کو منتشر کیا اور تقریباً 2 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔ حسینی علم پولیس اسٹیشن انسپکٹر جی نریش کمار نے بتایا کہ انہیں یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ موسیٰ باؤلی علاقہ میں ٹیکسٹائیلس شاپ میں آگ لگی ہے ۔ پولیس ٹیم کو فوری روانہ کرتے ہوئے تمام تفصیلات حاصل کئے گئے اور ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں حادثہ پیش آیا ہوگا ۔ پولیس حسینی علم اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور مقامی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد حاصل کی جارہی ہے تاکہ آتشزدگی کا پتہ لگایا جاسکے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔