حضرت سید شاہ ابوبکر فضل اﷲ قادری ؒ

   

سید محمد افتخار مشرف
سلطان العارفین حضرت سید شاہ ابوبکر فضل اللہ قادری ؒ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے پانچویں فرزند سید شاہ عبدالرزاق قادریؒ جو خلیفہ غوث پاک بھی ہیں اُن کی اولاد میں ہیں ۔ حضرت سید شاہ فضل اﷲ قادری ؒ بادشاہ یمن کے خاندان سے تھے ۔ اُن کے والد سید شاہ عبدالقادر قادریؒ اور والدہ سیدہ آمنہ بی بی صاحبہ تھیں ۔ حضرت یمن میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم اپنے والد بزرگوار سے حاصل کی ۔ ایک دن حضور اکرم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی بشارت نصیب ہوئی اور آپ نے فانی سلطنت کو ٹھکراکر مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے ہندوستان کے علاقہ بہروچ ( گجرات) تشریف لائے ۔ پھر آپ وہاں سے جنوب کی طرف روانہ ہوئے اور آندھراپردیش کے ضلع کرنول تشریف لائے ۔ یہاں سید شاہ یٰسین پیر قادری شطاریؒ نے خلافت سے سرفراز فرماتے ہوئے یٰسین ولی لقب عطا کیا۔ حضرت کرنول سے موضع تارپتری تشریف لائے اور یہیں پر آپ کا وصال ہوا۔ آپ کی وفات کے بعد آپ کے مریدین و معتقدین نے اُس جگہ پر مسجد تعمیر کروائی جس کو روضہ مسجد کہتے ہیں ۔ آپ کا عرس شریف ہر سال ۱۵ ؍ اور ۱۶؍ جمادی الآخر کو منایا جاتا ہے ۔