حضرت پیر سید محمد عبدالکریم حسینی قادریؒ

   

Ferty9 Clinic

مولانا حافظ سید محمد شرف الدین
نبیرۂ حضور غوث الاعظم حضرت پیر سید محمد عبدالکریم حسینی قادری الرفاعی المعروف پیر بغدادیؒ کاسلسلہ ٔ نسب ۱۸ واسطوں سے حضرت غوث الاعظمؓ سے ملتا ہے ۔ آپ ۵ صفر المظفر ۱۳۲۲؁ھ مطابق ۳؍ جنوری ۱۹۱۴؁ء کو حیدرآباد میں تولد ہوئے ، والد بزرگوار حضرت پیر سید محمد عبدالرحمن قادری المعروف بڑے بغدادیؒ نے کان میں اذان و اقامت کہی ۔ آپ کی ابتدائی تعلیم گھر ہی میں ہوئی پھر جب آپ کی بسم اﷲ خوانی کی گئی ۔ ابتدائی تعلیم کے بعد اکابر اساتذہ سے علوم دینیہ حاصل کیا۔ اور پھر اعلیٰ تعلیم کیلئے ملک کی معروف قدیم درسگاہ جامعہ نظامیہ میں داخلہ لیا۔ فارغ التحصیل ہونے کے بعد والد گرامی نے اپنی کلاہِ مبارک پہنائی اور خلافت کے ساتھ خصوصی اوراد و اذکار کے علاوہ اپنا جانشین نامزد کرتے ہوئے بیعت کی بھی اجازت دی ۔ آپ کا عقد ۶ جمادی الثانی ۱۳۵۸؁ھ کو دہلوی گھرانے کے ایک خداترس شخصیت حضرت سید تصدق حسینؒ کی دختر کے ساتھ ہوا ۔ آپ کے مریدین و معتقدین کا احاطہ نہ صرف دکن و ملک بلکہ بیرون ملک حجاز و عرب ، انڈونیشیاء ، ساؤتھ آفریقہ ، انگلینڈ و امریکہ ، کوریا وغیرہ تک محیط ہے ۔ اعلیٰ حضرت نواب میر عثمان علی خان کو بھی آپ سے خاص عقیدت تھی ۔ آپ کے والد گرامی کے وصال کے بعد اکابرین وقت کی موجودگی میں آپ کو حضرت بڑے بغدادی ؒ کا جانشین نامزد کیا گیا ۔لوگ بڑی تعداد میں روزانہ آپ سے ملاقات اور حصول دعا کے لئے خانقاہ آیا کرتے ۔ رات کو شب بیداری ، دن میں خدمت خلق آپ کی زندگی کا مشغلہ تھا ، امیروغریب آپ کے پاس یکساں تھے ۔۴۰ سال تک مسند رشد و ہدایت پر فائز رہتے ہوئے اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بزرگان شان و درویشانہ صفت کو باقی رکھا اور ۱۷؍ ربیع الثانی ۱۳۹۴؁ ھ کو دارفانی سے کوچ کرگئے اور اپنے خالق حقیقی سے جاملے ۔ نماز جنازہ جامع مسجد افضل گنج میں ادا کی گئی اور تدفین روضہ رحمانیہ خطہ صالحین نامپلی میں اپنے والد بزرگوار کے پائین میں عمل میں آئی اور اسی تاریخ (۱۷ ربیع الثانی ) کو آپ کا عرس منایا جاتا ہے ۔