حضور آباد میں 16 اگست کو ترقیاتی منصوبہ کا اعلان

   

چیف منسٹر کے سی آر کا دورہ، ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں سے مشاورت
حیدرآباد۔13 ۔اگست (سیاست نیوز) حضور آباد اسمبلی حلقہ کے لئے حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت دی جاچکی ہے جس کا اعلان چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 16 اگست کو حضور آباد کے دورہ کے موقع پر کریں گے ۔ چیف منسٹر نے دلت بندھو اسکیم کے علاوہ دیگر ترقیاتی کاموں کے منصوبہ کو قطعیت دے دی ہے۔ چیف منسٹر نے 16 اگست کو حضور آباد سے دلت بندھو اسکیم کے آغاز کا اعلان کیا تھا لیکن بھونگیر کے واسالاپلی گاؤں سے اسکیم کا آغاز ہوچکا ہے ۔ حضور آباد میں شالاپلی گاؤں سے دلت بندھو اسکیم کا چیف منسٹر آغاز کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے وزیر فینانس ہریش راؤ اور مقامی عوامی نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے حضور آباد کی ضرورتوں کے مطابق ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت دی ہے ۔ چیف منسٹر کے دورہ کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ وزیر فینانس ہریش راؤ جو حضور آباد کے الیکشن انچارج ہیں، وہ گزشتہ چند دنوں سے حضورآباد ٹاؤن میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر کے جلسہ میں ایک لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے قائدین اور عوامی نمائندوں کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ عہدیداروں کی جانب سے دلت بندھو کے استفادہ کنندگان کو منتقل کرنے 800 بسوں کا انتظام کیاجارہا ہے ۔ ہر بس کیلئے ایک ٹی آر ایس لیڈر کو انچارج مقرر کیا جائے گا ۔ محکمہ پولیس کو جلسہ گاہ اور اسکے اطراف موثر انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاستی وزراء ہریش راؤ اور جی کملاکر نے مقامی قائدین کے ہمراہ جلسہ گاہ کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔