فرقہ پرستی اور گلوبل تشہیر کا منھ کالا ہوگا ، وزیر فینانس ہریش راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے حضور آباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے لیے بی جے پی کے انتخابی منشور کو صدی کا سب سے بڑا مذاق قرار دیا اور ٹی آر ایس کے امیدوار جی سرینواس کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو یقینی قرار دیا ۔ آج حضور آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی اور فلاحی اسکیمات سے عوام پوری طرح مطمئن ہیں ۔ شکست کا اندازہ ہوجانے کے بعد بی جے پی نے مذہبی اشتعال انگیزی ، جھوٹی تشہیر ، سازش اور ڈرامے کرنے کی کوشش کی ہے ۔ تاہم ٹی آر ایس اپنی حکمت عملی بار بار تبدیل کرتے ہوئے بی جے پی کے ناپاک ارادوں کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دیا ہے ۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ 30 اکٹوبر کو ووٹ دینے کا بٹن دبانے سے قبل پکوان گیس اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں کو یاد کریں ۔ بی جے پی کو سبق سکھانے کے لیے ٹی آر ایس کو ووٹ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ضمنی انتخاب ختم ہوگا ۔ بی جے پی پکوان گیس پر مزید 200 روپئے کا اضافہ کردے گی ۔ بی جے پی کی جانب سے جھوٹی تشہیر کرتے ہوئے حضور آباد کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ تاہم وہ بی جے پی کے قائدین کو مباحثہ کا چیلنج کرچکے تھے جس کا سامنا کرنے کے لیے کوئی تیار نہیں ہوئے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہم فلاحی اسکیمات کی بات کرتے ہوئے عوام سے ووٹ طلب کیا ہے ۔ جب کہ بی جے پی نے جھوٹ کو اپنایا ہے ۔ یو پی اے کے دور حکومت میں ایندھن پر مرکزی حکومت کا ٹیکس صرف 4 روپئے تھا تاہم این ڈی اے کے دور حکومت میں کافی اضافہ ہوگیا ہے ۔ کسانوں کو کار سے روندنے والی بی جے پی کو کسانوں کے مسائل پر بات چیت کرنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی نے حضور آباد میں چیف منسٹر کے جلسہ عام کو روکنے کی سازش کی ہے ۔ 2001 سے حضور آباد کے عوام چیف منسٹر کے سی آر کو کامیاب بنا رہے ہیں ۔ اب بھی ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دیں گے ۔ اپوزیشن کے قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں ۔ کامیابی سیکولرازم اور فلاحی اسکیمات کی ہوگی ۔ فرقہ پرستی اور گلوبل تشہیر کا منھ کالا ہوگا ۔۔ ن
