حملہ کا خطرہ، شہریوں کو خیرسون چھوڑنے روسی حکام کی ہدایت

   

کیف:روسی حکام نے خیرسون کے مرکزی شہر سے لوگوں کو انخلا کی ہدایت دے دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خیرسون کے علاقوں میں شیلنگ اور دہشتگرد حملوں کا شدید خطرہ ہے۔میڈیا کے مطابق روس کے حکام نے کہا ہے کہ شہری فوری طور پر خطرے والے علاقوں کو چھوڑ کر دنیپر دریا کے پار چلے جائیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز خیرسون میں یوکرینی فوج کی شیلنگ سے 4 شہری ہلاک ہوئے تھے۔دوسری طرف یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس نے گزشتہ رات یوکرین میں بڑے حملے کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روس ہمارے ملک میں مستقل دہشت پھیلا رہا ہے، گزشتہ رات بھی روس نے یوکرینی علاقوں پر 36 راکٹ فائر کیے۔زیلنسکی کا کہنا تھا کہ اہم تنصیبات پر فائر کیے گئے بیشتر روسی راکٹوں کو مار گرایا تھا۔ روس اور یوکرین کے درمیان گذشتہ آٹھ ماہ سے جنگ جاری ہے ۔اس جنگ میں سینکڑوں افراد مارے گئے اور بے شمار افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ مختلف ممالک کی ثالثی کی کوششوں کے باوجود تا حال کوئی حل نہیں ہوا ہے۔