مودی حکومت میں جوابدہی کا احساس نہیں۔ دہلی میں عمارت کا انہدام یکا دکا واقعہ نہیں ۔ قائد اپوزیشن راہول گاندھی کا ردعمل
نئی دہلی 7 ستمبر ( ایجنسیز ) قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے دہلی کے ستیہ نکیشن میں عمارت کے انہدام پر مرکز کی بی جے پی حکومت پر جوابدہی سے بچنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جو لوگ حکومت سے سوال کرتے ہیں وزیر اعظم ان کے خلاف ’’ دماغی نکسل ‘‘ اور ’’ ناراض پھوپھا ‘‘ جیسے ریمارکس کرتے ہوئے ان کی ہتک کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ قائد اپوزیشن نے سوال کیا کہ جب دہلی میں ٹریپل انجن کی سرکار ہے تو پھر اس طرح کے واقعات اور بے بسی کیوں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ در اصل حکومت کے پاس مسائل حل کرنے کا منصوبہ اور ارادہ ہی نہیں ہے ۔ اپنے سوشیل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ حکومت میں کوئی جوابدہی کا احساس نہیںہے ۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں ہیش ٹیاک TINA کا استعمال بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے حامی اکثر و بیشتر TINA فیکٹر کا تذکرہ کرتے ہیں ۔ اس کا کوئی متبادل نہیں ہے ۔ یہ بحث کی جاتی ہے کہ مودی ہی ملک کے سب سے قابل اور ناقابل شکست لیڈر ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ہر بار بی جے پی کی جانب سے یہی شرمناک طریقہ اختیار کیا جاتا ہے ۔ حادثات کی روک تھام نہیں کی جاتی ۔ صرف حادثات کے بعد بیان بازی کی جاتی ہے اور اس کی ذمہ داری کچھ نچلی سطح کے عہدیداروں پر عائد کردی جاتی ہے جبکہ حقیقی ذمہ دار جوابدہی سے بچ جاتے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ستیہ نکیتن میں طلباء کی موجودگی والی عمارت کا انہدام کوئی یکا دوکا پیش آنے والا واقعہ نہیں ہے ۔ گذشتہ چار مہینوں میں ایک مقام پر اسی طرح کا حادثہ پیش آیاتھا جس میں چھ افراد کی موت ہوگئی تھی ۔ اسی طرح رانی حوض علاقہ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 22 افراد کی جان چلی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار زندگیاں ‘ خواب اور توقعات ملبہ میں دفن ہوجاتے ہیں اور ہر بار کہیں بھی حقیقی طور پر کوئی کارروائی نظر نہیں آتی ۔ اور جب آپ جوابدہی کا مطالبہ کرتے ہیں تو وزیر اعظم آپ پر دماغی نکسل اور ناراض پھوپھا جیسے ہتک آمیز لیبل چسپاں کردیتے ہیں۔ اس کا مقصد جو کوئی سوال کرتا ہے اس کو شرمندہ کرنا ‘ بدنام کرنا اور خاموش بٹھانا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 12 برسوں میں حکومت نے عوام کو صرف لچھے دار باتوں میں الجھائے رکھا ہے تاہم کبھی بھی حقیقی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں ٹریپل انجن کی سرکار ہے تو ایسے میں اس بے بسی کا عذر کیا ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بے بسی کی وجہ جذبہ اور عزم کا فقدان ہے کیونکہ جہاں کوئی عزم نہیں ہوتا وہاں کوئی جوابدہی بھی نہیں ہوتی ۔ واضح رہے کہ دہلی یونیورسٹی کے جنوبی کیمپس میں ایک ایک پانچ منزلہ عمارت منہدم ہوگئی تھی جس میں سات افراد ہلاک ہوگئے تھے اور کچھ زخمی ہوئے تھے ۔