عہدیداروں کو شفافیت سے کام کرنے کی ہدایت، ہر مستحق کو اسکیمات سے فائدہ ، ابراہیم پٹنم میں عوام سے خطاب
حیدرآباد ۔28۔ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر فینانس بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ 6 ضمانتوں سے استفادہ کے معاملہ میں کوئی جانبداری یا بھید بھاؤ نہیں ہوگا۔ سماج کے تمام مستحق افراد اسکیمات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کانگریس حکومت دوسروں کی طرح صرف ووٹ دینے پر اسکیمات میں شامل کرنے کی دھمکی نہیں دے گی۔ بھٹی وکرمارکا نے ابراہیم پٹنم اسمبلی حلقہ میں آج پرجا پالنا پروگرام میں حصہ لیا اور عوام سے ملاقات کی۔ بھٹی وکرمارکا نے درخواستوں کی اجرائی کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 6 ضمانتوں کے فوائد کیلئے کسی لالچ کا شکار نہ ہو۔ درمیانی افراد کو رقومات ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ کانگریس کی عوامی حکومت ہے اور ہر مستحق کو فائدہ پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں عوام سے پانی ، ملازمت اور وسائل کے وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی ۔ گزشتہ 9 برسوں میں ایک بھی راشن کارڈ جاری نہیں کیا گیا ۔ عوام نے جن توقعات کے ساتھ کانگریس حکومت تشکیل دی ہے، ان پر حکومت پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس زمینداروں کی حکومت نہیں ہے اور کسی ایک مخصوص شخص یا طبقہ کی اجارہ داری نہیں رہے گی۔ کانگریس کی 6 ضمانتوں پر عوام کے درمیان مکمل شفافیت کے ساتھ عمل کیا جائے گا ۔ حکومت کو عوام کی دہلیز تک پہنچاتے ہوئے عہدیدار درخواستیں وصول کر رہے ہیں۔ ہر 100 افراد کے لئے ایک کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے وسائل عوام کے درمیان تقسیم کئے جائیں گے۔ رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی اور ضلع کلکٹر گوتم کے علاوہ سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ اس موقع پر موجود تھے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ حیدرآباد میں 600 سے زائد مراکز قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام 6 جنوری تک درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے سابق بی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فلاحی اسکیمات کو فراموش کردیا گیا تھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ درخواستوں کی وصولی میں شفافیت سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل حکومت کے دو دن بعد حکومت نے دو ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا۔ راجیو آروگیہ شری اور آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ آر ٹی سی بسوں میں تاحال ایک کروڑ سے زائد خواتین سفر کرچکی ہیں۔ راجیو آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت حاصل رہے گی۔1