نظام آباد۔ 23جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت خواتین کی ترقی و فلاح بہبودی کے لیے غیر معمولی اور مسلسل اقدامات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مہا لکشمی‘‘ اسکیم کے تحت خواتین کو فراہم کی گئی مفت آر ٹی سی بس سفری سہولت سے اب تک ریاست بھر میں 200 کروڑ سے زائد مرتبہ خواتین استفادہ کرچکی ہیں۔ اسی مناسبت آج آر ٹی سی ریجن نظام آباد کے آرمور بس اسٹیشن میں خصوصی تقریب منعقد کا عمل میں لایا گیا۔ جس میں ضلع کلکٹر بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔اپنے خطاب میں کلکٹر ونئے کرشنا ریڈی نے یاد دلایا کہ موجودہ حکومت کے برسر اقتدار آتے ہی مہالکشمی اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ جس کے ذریعہ خواتین کو ریاست بھر میں سرکاری بسوں میں بلا معاوضہ سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔ اس موقع پر اسکولی طالبات کیلئے منعقدہ مضمون نویسی مقابلوں میں کامیاب ہونے والی لڑکیوں کو کلکٹر کے ہاتھوں انعامات پیش کیے گئے۔ علاوہ ازیں کئی خواتین مسافروں اور آر ٹی سی ملازمین کی بھی تہنیت پیش کی گئی۔ اس تقریب میں آرمور کے آر ڈی او راجا گوڑ، آر ٹی سی ریجنل منیجر جیوتسنا، آرمور ڈیپو منیجر روی کمار، مارکٹ کمیٹی کے صدر سائی بابا اور متعدد مسافرین نے شرکت کی۔