حیدرآباد ، یونیسکو ورلڈ ہیرٹیج ٹیاگ کا مستحق : کے ٹی آر

   


حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کل کہا کہ ریاستی حکومت حیدرآباد کے لیے یونیسکو ورلڈ ہیرٹیج ٹیاگ حاصل کرنے کی کوشش کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ’ یہ شہر اس کے لیے انتہائی مستحق ہے ‘ ۔ گنبدان قطب شاہی میں بحال کی گئی چھ باؤلیوں کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ گنبدان قطب شاہی دنیا کا بڑا گورستان شاہی ہے جو 106 ایکر پر ہے اور اس کامپلکس میں تقریبا 100 مقبرے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان دو ( گنبدانِ قطب شاہی اور قلعہ گولکنڈہ ) خوبصورت ، شاندار اور تاریخی عمارتوں کے ساتھ ہم یقینی طور پر ورلڈ ہیرٹیج ٹیاگ کی توقع کرسکتے ہیں ۔ ہمارے پاس چارمینار ہے اور متعدد ہیرٹیج عمارتیں ہیں جنہیں بحال کیا گیا ہے ۔ ہم دیگر چھ مختلف تاریخی عمارتوں کو بحال کرنے کے عمل میں ہیں جیسے محبوب چوک ، سلطان بازار ، سی ایس آئی چرچ ، رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن ، مونڈا مارکٹ اور شاہ علی بنڈہ ‘ ۔ انہوں نے بتایا کہ ان باؤلیوں کو بحال کرنے سے یہ سیاحتی مقامات بن گئی ہیں اور ان میں سیاحوں کے لیے کشش پیدا ہوئی ہے ۔ بحالی کا پورا کام آغا خان ٹرسٹ فار کلچر کی جانب سے ہیرٹیج ڈپارٹمنٹ کے اشتراک کے ساتھ شروع کیا گیا جس نے گنبدان قطب شاہی کی بھی تزئین نو کی ہے ۔ تمام چھ باؤلیوں کی واٹر کپاسٹی 19.3 ملین لیٹر ہے اور انہیں قطب شاہی خاندان کے پہلے حکمران سلطان قطب الملک کے تحت 16 ویں اور 17 ویں صدی کے درمیان تعمیر کیا گیا تھا ۔ 2013 میں مغربی جانب کی ایک دیوار کے گرجانے کے بعد گنبدان کی مرمت کر کے پہلے جیسا بنانے کی ضرورت پیش آئی تھی ۔ اس پورے کنزرویشن پراجکٹ کے لیے حیدرآباد میں موجود امریکی قونصلیٹ کی جانب سے فنڈ فراہم کیا گیا ۔ اس ایونٹ کے دوران حال میں حیدرآباد پہنچی نئی امریکی کونسل جنرل جنیفرلارسن نے کہا کہ ’ حیدرآباد نہ صرف ایک روشن مستقبل کے ساتھ ایک حرکیاتی شہر ہے بلکہ شاندار ماضی کے ساتھ ایک تاریخی شہر بھی ہے ‘ ۔۔