عثمان ساگر اور حمایت ساگر کے دو دو گیٹس کھول دئے گئے ۔ موسی ندی میں پانی کا اخراج
حیدرآباد۔/8 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس پر حکام عثمان ساگر کے 2 اور حمایت ساگر کے 2 گیٹس کھول کر موسیٰ ندی میں پانی چھوڑ رہے ہیں۔ اس طرح ریاست کے مختلف آبپاشی پراجکٹس لبریز ہوگئے اور کئی پراجکٹس سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ شام سے ہی گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں زبردست بارش ہورہی ہے جس سے سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی ہیں۔ سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے گھنٹوں ٹریفک جام ہوگئی اور نشیبی علاقوں کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے جس کے نتیجہ میں عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔ جی ایچ ایم سی کا ایمرجنسی عملہ پانی کی نکاسی میں اور پولیس عملے کو ٹریفک بحال کرنے میں مصروف دیکھا گیا۔ گذشتہ دو تین دن گریٹر حیدرآباد میں زبردست بارش ہورہی ہے۔ سیلاب کا پانی تیزی سے بہتے ہوئے شہر کے دونوں ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں جمع ہورہا ہے۔ دونوں ذخائر آب لبریز ہوجانے کے بعد عہدیدار عثمان ساگرکے دو اور حمایت ساگر کے دو گیٹس کھولتے ہوئے موسیٰ ندی میں پانی چھوڑ رہے ہیں۔ حکام نے موسیٰ ندی کے کنارے پر رہنے والے عوام سے چوکنا رہنے کی اپیل کی ہے۔ حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں ضلع رنگاریڈی کے نارسنگی، کوکا پیٹ، گنڈی پیٹ، منی کونڈہ، پوپل گوڑہ، حمایت ساگر، بنڈلہ گوڑہ جاگیر، قسمت پور حیدر شاہ کوٹ میں دھواں دھار بارش ہوئی ہے۔ شہر کے مختلف مقامات گچی باؤلی، شیخ پیٹ، صنعت نگر، ایس آر نگر، امیر پیٹ، پنجہ گٹہ، مہدی پٹنم ، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، میاں پور، شیر لنگم پلی، مادھا پور، بیگم پیٹ، الوال، نامپلی، عابڈس پر بھی بارش ہوئی۔ ضلع ونپرتی کے مادنا پور کے قریب کاز وے پر پانی تیزی سے بہہ رہا تھا۔ کاز وے کو عبور کرنے کے دوران بائیک پر سوار تین افراد پانی میں بہہ گئے۔ وہاں موجود چند افراد نے اس واقعہ کی سیل فونس میں فلمبندی کی ہے۔ پانی میں غرق ہونے والے افراد کو تلاش کیا جارہا ہے۔ ن