سینکڑوں کروڑ روپیوں کے خرچ کے باوجود حیدرآباد سے رابطہ کو مستحکم بنانے میں ناکامی
حیدرآباد۔28۔ستمبر۔(سیاست نیوز) حیدرآباد ائیر پورٹ سے ’’اڑان‘‘ اسکیم کے تحت چلائی جانے والی پروازوں میں کمی کے نتیجہ میں اسکیم شدید متاثر ہونے لگی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد سے 60 شہروں کے فضائی رابطہ کو مربوط کرنے کے منصوبہ کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ان میں تاحال 12 ایسے شہرہیں جن کے فضائی رابطہ کو یا شروع ہی نہیں کیا گیا یا پھر شروع کرنے کے بعد بند کردیاگیا۔ مرکزی وزارت شہری ہوا بازی نے ’اڑان‘ اسکیم میں مزید 10 سال کی توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اب تک حیدرآباد سے دیگر شہروں کے فضائی سفر کو یقینی بنانے کے لئے وزارت شہری ہوا بازی نے 600 کروڑ کی رقم ائیر لائنس کمپنیوں کے حوالہ کی ہے اس کے باوجود شہر حیدرآباد سے اسکیم پر مؤثر عمل آوری نہ ہونے کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور حکومت ایسی فضائی کمپنیوں کو چھوٹے شہروں کے درمیان رابطہ کے استحکام کے لئے مدد فراہم کر رہی ہے جو مختصر مدت میں اپنے کاروبار کو بند کررہی ہیں۔حیدرآباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے ذریعہ ’اڑان‘ اسکیم کے تحت سفر کرنے والے فضائی مسافرین کی تعداد میں ریکارڈ کی جانے والی نمایاں گراوٹ نے وزارت شہری ہوا بازی کے عہدیداروں میں تشویش پیدا کردی ہے کیونکہ سینکڑوں کروڑ روپئے خرچ کئے جانے کے بعد بھی حیدرآباد سے رابطہ کو مستحکم بنانے میں ناکامی اور مسافرین کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات میں ناکامی دراصل اسکیم کی ناکامی تصور کی جا رہی ہے۔ قانون حق آگہی کے تحت حاصل کی گئی تفصیلات کے مطابق حیدرآباد سے ملک کے مختلف شہروں کے لئے سفر کرنے والے ’اڑان ‘ اسکیم کے مسافرین کی تعداد میں سال 2019-20 کے مقابلہ میں جاریہ سال کے دوران 53 فیصد کی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ شہری ہوا بازی کی جانب سے دیئے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ شہر حیدرآباد سے جن شہروں کو فضائی سفر سے مربوط کرنے کے اقدامات کئے گئے تھے ان میں 12 ایسے شہر ہیں جن کے لئے پروازوں کا سلسلہ یا توشروع ہی نہیں ہوا یا پھر شروع کرنے کے بند کردیا گیا جس کی کئی وجوہات ہیں جن میں فضائی کمپنیوں کے بند ہونا بھی ایک وجہ ہے۔ذرائع کے مطابق مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے جن شہروں کے درمیان فضائی رابطہ شروع کرنے کے بعد بند کردیا گیا ہے ان شہروں کے لئے دوبارہ پروازوں کے آغاز کے لئے دیگر فضائی کمپنیوں کے ذمہ داروں کو متوجہ کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو سہولت پہنچانے کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔3/m/b