آن لائین درخواستیں طلب، تنظیمی استحکام کیلئے ضلع صدر خالد سیف اللہ کی مساعی
حیدرآباد ۔ 31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کو تنظیمی طور پر مستحکم کرنے کے لئے حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کی 45 رکنی ٹیم کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔ حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر سید خالد سیف اللہ نے بتایا کہ حیدرآباد ضلع کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ 45 رکنی ٹیم کی تشکیل کیلئے سرگرم قائدین اور کارکنوں سے درخواستیں طلب کی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں پارٹی نے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا عمل شروع کیا ہے۔ ضلع کانگریس کمیٹی میں عہدہ کی خواہشمند افراد آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں ۔ سید خالد سیف اللہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو حیدرآباد میں عوام کی مضبوط تائید حاصل ہے اور بنیادی سطح پر پارٹی مستحکم ہے۔ ضلع صدر کی حیثیت سے انتخاب کے بعد خالد سیف اللہ نے تنظیمی سازی پر توجہ مرکوز کی ہے تاکہ کانگریس کے اقدار پر یقین رکھنے والے سرگرم قائدین اور کارکنوں کو موقع فراہم کیا جاسکے۔ حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات بہادر پورہ ، چندرائن گٹہ ، چارمینار ، ملک پیٹ اور یاقوت پورہ کو ضلع کمیٹی میں نمائندگی دی جائے گی۔ پارٹی کے 10 بلاکس کی تشکیل عمل میں آئے گی۔ حیدرآباد ضلع کمیٹی میں ایک خازن ، 5 ترجمان ، 10 نائب صدور ، 5 جنرل سکریٹریز ، 9 سکریٹریز اور 15 ارکان عاملہ کا تقرر کیا جائے گا۔ حیدرآباد ضلع کے تحت 44 نئے ڈیویژن صدور کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ آن لائین درخواستوں کے ادخال کیلئے پورٹل قائم کیا گیا ہے اور خواہشمند قائدین ویب سائیٹ https://join.hyderabadcongress.in/dcc پر درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ 4 جنوری تک پورٹل کھلا رہے گا۔ خالد سیف اللہ نے بتایا کہ تقرر میرٹ کی بنیاد پر ہوگا اور عہدوں پر انتخاب کیلئے پارٹی سے دیرینہ وابستگی اور وفاداری کو ترجیح دی جائے گی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے محمد جاوید اور سبرامنیم کو تنظیم سازی کا نگرانکار مقرر کیا ہے۔ ضلع کانگریس کمیٹی نے خواتین ، نوجوان ، ایس سی ، بی سی اور اقلیتی طبقات کو موثر نمائندگی دی جائے گی۔ خواتین کو 20 تا 25 فیصد نمائندگی رہے گی۔1