حیدرآباد میٹرو ریل کرایوں میں اضافہ کی مخالفت دیگر اقدامات کے لیے ٹوئیٹر پر مسافرین کی تجاویز

   


حیدرآباد ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزارت امکنہ و شہری امور نے حیدرآباد میٹرو ریل سرویس کے لیے ٹکٹ کی قیمت پر نظر ثانی کرنے کے لیے ایک فیر فکسڈ کمیٹی ( ایف سی سی ) شکیل دی ہے جب کہ میٹرو ٹرین میں سفر کرنے والے کئی مسافرین نے اس فیصلہ کی مخالفت کی ہے اور ٹوئیٹر پر اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے کئی تجاویز پیش کئے ہیں ۔ روزانہ سفر کرنے والی ایک خاتون نیویدیتا نے کہا کہ کولکتہ اور دہلی جیسے دوسرے شہروں کے مقابل یہاں میٹرو ٹرین میں سفر کے لیے کرایہ زیادہ ہے ، ٹکٹ کی قیمت میں اضافہ کرنے کے بجائے بلیو لائن ( راے درگ ۔ ناگول ) پر اگر ٹرین فریکونسی میں اضافہ کیا جائے تو بہتر ہوگا کیوں کہ اس روٹ پر میٹرو ٹرینس مسافرین سے کھچا کھچ بھری رہتی ہیں اور مصروف اوقات میں ان ٹرینس میں کھڑے رہنے کے لیے بمشکل کوئی جگہ ہوتی ہے ۔ روزانہ سفر کرنے والے ایک اور شخص روہت نے کہا کہ حیدرآباد میٹرو ٹرین میں کرایہ میں اضافہ نہ کیا جائے اس کے بجائے متعلقہ حکام کو میٹرو اسٹیشنس میں دستیاب جگہ کو لیز پر دینے جیسے اقدامات کرنے چاہئے ۔ حیدرآباد میٹرو کو لاسٹ مائیل کنیکٹیویٹی کو بہتر بناتے ہوئے اور ٹرینس کی فریکونسی میں اضافہ کرتے ہوئے زیادہ مسافرین کو راغب کرنے پر توجہ دینی چاہئے ۔ ایک روزانہ میٹرو ریل یوزر پرشانت نے کہا کہ ہم آسان سفر کے لیے میٹرو کا استعمال کررہے ہیں اور اس کے کرایہ میں اضافہ سے ان سروسیس پر انحصار کرنے والے روزانہ کے مسافرین پر بوجھ ہوگا ۔ اگر حیدرآباد میٹرو کی جانب سے کرایہ میں اضافہ کرنے کا منصوبہ ہے تو انہیں سہولتوں جیسے ٹرینس کی فریکونسی اور کوچس کی تعداد میں بھی اضافہ کرنا ہوگا ۔۔