حیدرآباد میں آم کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

   

حیدرآباد یکم مئی (یو این آئی) حیدرآباد میں آم کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔شہر میں پھلوں کے بادشاہ کی قیمتیں 120روپئے تا 250روپئے فی کیلو کے درمیان درج کی جارہی ہیں۔گذشتہ سال کے مقابلہ اس سال 70فیصد تک درآمدمیں کمی کے نتیجہ میں اس کی طلب میں اضافہ ہواہے ۔گذشتہ سال ایک کیلوآم کی قیمت50روپئے تھی جو اس سال بڑھ کردوگنی ہوگئی ہے جس سے خریداروں کی فکرمندی میں اضافہ ہوگیا ہے ۔فروٹ مارکٹ شہر کے نواحی علاقہ باٹاسنگارم منتقل ہونے کے سبب ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوگیا ہے اور اس کا سیدھا اثر قیمت پرپڑرہا ہے ۔عوام کا ماننا ہے کہ آم کی اتنی زیادہ قیمتیں کبھی نہیں تھیں۔کسانوں کا کہنا ہے کہ جاریہ سال کم پیداوار کے سبب آم مہنگے ہیں۔بنڈیوں پر فروخت کرنے والوں نے بتایا کہ ان کو فی کیلو90روپئے کے حساب سے آم مل رہا ہے جس پر وہ 110روپئے فی کیلو آم فروخت کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ سال آم فی کیلو30،40یا 50روپئے کے حساب سے فروخت کیاجاتاتھا۔جاریہ سال اس کی قیمت بڑھ گئی ہے کیونکہ پیداوار میں ناموزوں موسمی حالات کی وجہ سے کمی ہوئی ہے ۔