گزشتہ نومبر کے مقابل جاریہ سال نومبر میں 12 فیصد کمی، نائٹ فرینک کی رپورٹ
حیدرآباد۔25۔ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں رہائشی جائیدادوں کے رجسٹریشن میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور نائٹ فرینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ سال گذشتہ نومبر کے مقابلہ میں جاریہ سال نومبر کے دوران رجسٹریشن میں 12 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ سال 2023ماہ نومبر کے دوران جائیدادوں کے رجسٹریشن کی تعداد 6268 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ جاریہ سال ماہ نومبر کے دوران یہ تعداد محض 5516 ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ مجموعی اعتبار سے 12 فیصد گراوٹ ہے۔ رپورٹ میں گذشتہ ماہ کے مقابلہ میں جائیدادوں کے رجسٹریشن کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ اکٹوبر میں جو جائیدادوں کے رجسٹریشن ہوئے تھے ان میں 6 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔نائٹ فرینک کی رپورٹ کے مطابق اگر مالیت کے اعتبار سے رجسٹریشن کا مشاہدہ کیا جائے تو سال 2023نومبر کے مقابلہ میں سال 2024 نومبر کے دوران 7 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہ نومبر 2023 میں شہر حیدرآباد میں جملہ 3741 کروڑ کی جائیدادوں کے رجسٹریشن ہوئے تھے جبکہ جاریہ سال نومبر کے دوران 3495 کروڑ کی مالیت کی جائیدادوں کے رجسٹریشن انجام دیئے گئے ہیں۔اسی طرح اگر جاریہ برس ماہ اکٹوبر میں ہونے والے رجسٹریشن کے مقابلہ میں ماہ نومبر کے رجسٹریشن کا جائزہ لیا جائے تو ان میں 3فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور مالیت کے اعتبار سے ماہ اکٹوبر 2024 میں 3617 کروڑ روپئے مالیت کی جائیدادوں کے رجسٹریشن ہوئے تھے۔نائٹ فرینک کی رپورٹ میں کئے گئے دعوے کے مطابق شہر حیدرآباد میں 1کروڑ سے زائد مالیت کی جائیدادوں کے رجسٹریشن میں گذشتہ برس کے مقابلہ میں 3 فیصد کا مجموعی اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے جبکہ 50 لاکھ سے زائد مالیت کی جائیدادوں کی خریداری کا رجحان جوں کا توں برقرار ہے۔قیمتی جائیدادوں کا رجسٹریشن میں جو حصہ سال 2023 نومبر میں ریکارڈ کیا گیا تھا وہ 12 فیصد تھا اور جاریہ سال ماہ نومبر میں قیمتی جائیدادوں کے فیصد میں 2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے اور جاریہ سال یہ حصہ 14 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔مجموعی اعتبار سے جاریہ سال جنوری تا نومبر کے درمیان حیدرآباد میں رہائشی جائیدادوں کی فروخت کا جائزہ لیا جائے تو اس مدت کے درمیان جملہ 43 ہزار574کروڑ مالیت کی جائیدادوں کے رجسٹریشن کئے جاچکے ہیں اور جملہ 70 ہزار 796جائیدادوںکے رجسٹریشن انجام پائے ہیں۔ سال گذشتہ جنوری تا نومبر کے دوران حیدرآباد میں 34ہزار 205کروڑ کی جائیدادوں کے رجسٹریشن انجام دیئے گئے تھے اور جملہ جائیدادوں کی تعداد 64ہزار 658 ریکارڈ کی گئی تھی ۔3