رئیل اسٹیٹ شعبہ غیر مستحکم ، رجسٹریشن میں کمی کے باوجود آمدنی میں اضافہ کا رجحان
حیدرآباد۔25۔ستمبر۔(سیاست نیوز) حیدرآباد میں رہائشی مکانات کی خرید و فروخت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور سال گذشتہ کے مقابلہ ریکارڈ کی گئی گراوٹ کا جائزہ لیں تو سال گذشتہ کے مقابلہ جاریہ سال 9 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور جاریہ سال کے دوران ماہانہ اساس پر خرید و فروخت کا جائزہ لیا جائے تو گذشتہ ماہ کے مقابلہ میں جاریہ ماہ کے دوران 4 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ماہ اگسٹ کے دوران حیدرآباد میں 5937مکانات کے رجسٹریشن ریکارڈ کئے گئے جو کہ ماہ جولائی سے 4فیصد کم ہیں۔ نائٹ فرینک نامی کمپنی کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق شہر حیدرآباد میں گذشتہ 8 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 35ہزار 423 کروڑ مالیت کے مکانات کے رجسٹریشن ہوئے جن میں لگژری مکانات کا حصہ نمایاں ہے۔رپورٹ کے مطابق ضلع رنگاریڈی میں سب سے زیادہ 47 فیصد رہائشی مکانات کے رجسٹریشن ریکارڈ کئے گئے ہیںاور مجموعی طور پر جائیدادوں کی قیمتوں میں 8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔سال گذشتہ ماہ جولائی اور اگسٹ کے درمیان جو رجسٹریشن ہوئے تھے اس کے مقابلہ میں جاریہ سال کے دوران 9 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ یہ ثابت کرتا ہے کہ شہر حیدرآباد ورنگاریڈی میں رئیل اسٹیٹ کے شعبہ میں اب بھی استحکام پیدا نہیں ہوا ہے۔8ماہ کے دوران جملہ 50 ہزار 95 مکانات کے رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جاریہ سال کے دوران اس مدت میں رجسٹریشن سے ہونے والی آمدنی میں جاریہ سال 2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ رجسٹریشن کی تعداد میں نمایاں کمی کے باوجود آمدنی میں اضافہ کے رجحان کو ظاہر کرتا ہے ۔ ماہرین کے مطابق ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں جائیدادوں کی قیمتوں میں کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں خرید و فروخت میں کمی کے باوجود رجسٹریشن سے ہونے والی آمدنی میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔3/m/b