حیدرآباد: نیپال کا متوطن ہوٹل ملازم نے کی خودکشی

,

   

حیدرآباد: عابڈس پر واقع تاج محل ہوٹل سے ایک ملازم نے ہوٹل کی چھت سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ جمعرات کی شب پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملازم معاشی حالات سے دوچار تھا۔ متوفی کی شناخت موتی سپوٹا کی حیثیت سے کی گئی او راس کا تعلق نیپال سے بتایا گیا ہے۔ عابڈس پولیس نے بتایا کہ 30سالہ موتی سپوٹااپنے ساتھیوں کے سوجانے کے بعد ہوٹل کی چھت پر گیا او رچھلانگ لگادی جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

عابڈس پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر راجو نے بتایا کہ دوران تحقیقات ہمیں پتہ چلا کہ خودکشی کی رات موتی اپنے ایک دوست کے ساتھ اپنے بھائی کے مکان واقع نامپلی آیا تھا۔ اوروہاں خوب مئے نوشی کی اور بعد میں ہوٹل واپس ہوگیا اور سب لوگ سونے کے بعد اس نے انتہائی اقدام کرلیا۔ یہ واقعہ جمعرات کے روز تقریبا ساڑھے گیارہ بجے پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ موتی معاشی حالات سے پریشان تھا۔ اس پر بہت سارا قرض بھی تھا۔

پولیس نے بتایا کہ موتی تاج محل ہوٹل میں پچھلے کئی سالوں سے کام کررہا تھا۔ ا س کی پہلی بیوی کے انتقال کے بعد اس نے دوسری شادی کی تھی۔ پولیس اس معاملہ مختلف زایوں سے تحقیقات کررہی ہے۔