حیدرآباد کو آلودگی سے پاک شہر بنانا حکومت کی ترجیح: ریونت ریڈی

   

موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کا آغاز، تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع، سی آئی آئی اجلاس سے چیف منسٹر کا خطاب

حیدرآباد ۔10۔جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جامع ترقی کا منصوبہ رکھتی ہے اور علحدہ ریاست کی تشکیل کو 10 برس مکمل ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے آج کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز (CII) کی قومی کونسل اجلاس سے خطاب کیا۔ حیدرآباد میں سی آئی آئی کا قومی کونسل اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف منسٹر نے تلنگانہ رائیزنگ کے تحت ریاست کی ترقی کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حیدرآباد کے قریب فیوچر سٹی کو ترقی دینے کا منصوبہ رکھتی ہے جو نیویارک ، لندن ، ٹوکیو ، سیول اور دبئی سے مسابقت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیوچر سٹی کو آلودگی سے پاک شہر بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آر ٹی سی میں عنقریب 3200 الیکٹرانک بسوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کے رجسٹریشن اور روڈ ٹیکس سے استثنیٰ دیا ہے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ حیدرآباد میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت تیزی سے جاری ہے۔ حیدرآباد کو آفات سماوی سے محفوظ کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور حیدرآباد سیلاب سے نجات حاصل کرلے گا۔ موسی ریور پراجکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ 55 کیلو میٹر طویل موسیٰ ندی کا احیاء عمل میں لایا جائے گا اور اس کی صفائی کے علاوہ ندی کو خوبصورت بناتے ہوئے سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ پر کام کا آغاز ہوچکا ہے جس کے تحت 2050 تک حیدرآباد کی آبی ضرورت کی تکمیل ہوگی۔ ریجنل رنگ روڈ تیاری کے مرحلہ میں ہے اور 360 کیلو میٹر طویل ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر سے ترقیاتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ آوٹر رنگ روڈ اور ریجنل رنگ روڈ کو مربوط کرتے ہوئے ریڈیل روڈس تعمیر کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹر رنگ روڈ اور ریجنل رنگ روڈ کے درمیان مینوفیکچرنگ سیکٹر کا مرکز تیار کیا جائے گا ۔ فارما ، لائیو سائنسیس ، ایرو اسپیس ، ڈیفنس ، سولار انڈسٹریز جیسے ادارے قائم کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ اسکل ڈیولپمنٹ پر توجہ مرکوز کرچکی ہے۔ حیدرآباد کو مینوفیکچرنگ اور انفراسٹرکچر کے مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹر رنگ روڈ کے باہر دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے زراعت ، آرگانک فارمنگ کے فروغ کے علاوہ کولڈ اسٹوریج اور ویر ہاؤزیس تعمیر کئے جائیں گے۔ تلنگانہ میں ڈرائی پورٹ کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے صنعت کاروں سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کریں اور اسکل یونیورسٹی کی سرگرمیوں میں توسیع میں تعاون کریں۔ 1