عہدیداروں کی تنخواہوں سے ضعیف جوڑے کو معاوضہ ادا کیا جائے، حادثات پر عہدیدار تماش بین
حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے حیدرآباد میں سڑکوںکی بدحالی پر جی ایچ ایم سی پر برہمی ظاہر کی۔ عدالت نے ایک ضعیف جوڑے کی جانب سے اپنے ذاتی اخراجات سے سڑکوں کی مرمت کا کام انجام دینے کو مثالی قرار دیا۔ عدالت نے کہا کہ سڑکوں کی نگہداشت اور مرمت کے معاملہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کا رویہ افسوسناک ہے ۔ گنگادھر تلک اور ان کی اہلیہ نے اپنے خرچ سے سڑکوں کی مرمت کی ہے۔ ایسے میں جی ایچ ایم سی کے عہدیدار کیا کر رہے ہیں۔ وظیفہ کی رقم سے یہ خاندان سڑکوںکے گڑھے پر کر رہا ہے۔ سڑکوں کی ابتر حالت پر ضعیف جوڑے کا فکرمند ہونا جی ایچ ایم سی کے لئے باعث شرم ہے۔ ہائی کورٹ نے بلدیہ کے خلاف سخت ریمارکس کئے۔ عدالت نے تجویز پیش کی کہ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کی تنخواہوں سے ضعیف جوڑے کو رقم ادا کی جانی چاہئے ۔ عدالت نے کہا کہ جب کوئی کام نہیں ہورہا ہے تو پھر جی ایچ ایم سی کا بجٹ کم کیا جانا چاہئے ۔ عدالت نے کہا کہ سڑکوں کی ابتر حالت سے پیش آنے والے حادثات پر عہدیدار تماش بین ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ناقص سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا سڑکوں پر گڑھے نہیں ہیں؟ کیا آپ چاہتے ہیں کہ وکلاء کے ذریعہ سڑکوں کا معائنہ کیا جائے؟