حیدرآباد کے اطراف جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کیلئے حکومت سے مطالبہ بی جے پی قائد جی نارائن ریڈی کا بیان

   

حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے سینئر لیڈر جی نارائن ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد اور اس کے اطراف جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ اور انہیں آلودگی سے بچانے کے اقدامات کرے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ ذخائر آب پر ناجائز قبضوں کے نتیجہ میں آبی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے اور ذخائر آب کی گنجائش میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ سے اس بارے میں سخت نوٹ لیتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں تقریباً 455 تالاب ہیں جن میں سے بیشتر ناجائز قابضین کا شکار ہوئے ہیں۔ آلودگی کے سبب ہزاروں کالونیوں میں بسنے والے افراد کی صحت کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ایم ڈی اے حدود میں 2857 چھوٹے اور بڑے تالاب ہیں۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ ناجائز قبضوںکی برخواستگی کے ساتھ آلودگی سے بچانے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ برسر اقتدار پارٹی اور حکومت کی سرپرستی میں ناجائز قبضوںکا سلسلہ جاری ہے۔ر