مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کا تیقن۔ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد 10 جون ( سیاست نیوز) منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ کشن ریڈی نے آج تیقن دیا کہ وہ حیدرآباد کے برانڈ امیج کا تحفظ کرنے میں مدد فراہم کرینگے ۔ انہوں نے ریاستی حکام کے ساتھ جائزہ اجلاس میں کہا کہ جس طرح بنگلور کا ایک برانڈ امیج ہے اسی طرح حیدرآباد کا بھی ایک برانڈ امیج ہے اور ضرورت ہے کہ اس برانڈ امیج کا تحفظ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میج کو برقرار رکھنے اور اس کی حفاظت کرنے میں عہدیداروں کا رول اہمیت کا حامل ہے کیونکہ عہدیدار ہی سڑکوں کی حالت کو بہتر بناسکتے ہیں اور شہری سہولیات کو خوبصورت بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مرکزی وزیر وہ اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کرینگے ۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی کی جانب سے کئے جا رہے اقدامات کی ستائش بھی کی ۔ انہوں نے حیدرآباد سٹی پولیس کی بھی ستائش کی کہ اس کی جانب سے لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ جی کشن ریڈی تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چار روزہ دورہ پر ہیں۔