حیدرآباد کے پرانے شہر سے حکومت کا سوتیلا سلوک

,

   

میر عالم تالاب میں کشتی رانی کے اعلانات اکارت ثابت ، درگم چیرو کو ترقی دینے حکومت کی خصوصی دلچسپی
حیدرآباد۔ حکومت کی جانب سے پرانے شہر میں واقع میر عالم تالاب میں کشتی رانی کے آغاز کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ اعلانات کئے گئے ہیں لیکن میر عالم تالاب میں کشتی رانی کو شروع نہیں کیا جاسکا ہے ۔ درگم چیروو میں کشتی رانی اور کشتی میں ریستوراں کے آغاز کے منصوبہ کا سال گذشتہ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا اور اندرون ایک برس حکومت نے اس اعلان کو عملی جامہ پہناتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ حکومت کی جانب سے دلچسپی کی صورت میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوتی اور منتخبہ عوامی نمائندو ںکی جانب سے اس سلسلہ میں مؤثر پیروی و نمائندگی کے ذریعہ اسے قابل عمل بنایا جاسکتا ہے لیکن پرانے شہر کے علاقہ میں جہاں کئی تاریخی عمارتیں موجود ہیں اور سیاحوں کی بڑی تعداد پرانے شہر کا رخ کرتی ہے ان کے لئے ایسی کوئی سیاحتی سہولت نہ ہونے کے علاوہ پرانے شہر کے عوام کے لئے بھی کوئی سیاحتی مرکز فروغ نہ دیئے جانے کے متعلق توجہ دہانی پر ریاستی حکومت کی جانب سے کئی مرتبہ اس بات کا اعلان کیا گیا کہ میر عالم تالاب کو پرانے شہر کے سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دیا جائے گا اور میر عالم تالاب میں کشتی رانی کے علاوہ دیگر سیاحتی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں بھی حکومت کی جانب سے یہ اعلانات کئے گئے اور تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بھی حکومت نے کئی مرتبہ اس بات کا اعلان کیا کہ وہ شہر حیدرآبادکے اس خطہ کو سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے سلسلہ میں اقدامات کرے گی لیکن میر عالم تالاب میں مختصر مدت کیلئے کشتی رانی کے آغاز کے بعد دوبارہ اسے بند کردیا گیا اور کہا گیا کہ تالاب میں صفائی نہ ہونے کے سبب کشتی رانی کا سلسلہ جاری رکھنا ممکن نہیں ہے ۔ حکومت کی جانب سے ریاست بھر میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے علاوہ تالابوں کی صفائی اور انہیں ہمہ وقت لبریز رکھنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور میر عالم تالاب کی صفائی کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ حکومت کے محکمہ آبپاشی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 50 فیصد صفائی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے لیکن شہر حیدرآباد کے اس معروف تفریحی مقام کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے اور یہاں کشتی رانی کے آغاز کے سلسلہ میں کئے گئے اعلانات پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے ۔ پرانے شہر کے عوام میں اس بات کا احساس پیدا ہونے لگا ہے کہ حکومت کی جانب سے پرانے شہر کی ترقی کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہاہے اور ان علاقوں کی نمائندگی کرنے والے منتخبہ عوامی نمائندے بھی میر عالم تالاب میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے مؤثر نمائندگی میں ناکام ہوتے جا رہے ہیں۔