حیدرآباد کے کئی علاقوں میں بارش کے سبب ٹریفک جام

   

کئی گھنٹوں تک عوام کو مشکلات، سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایت
حیدرآباد ۔4۔ ستمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کل رات سے جاری بارش کے نتیجہ میں شہر کے کئی علاقوں میں ٹریفک جام سے عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑا۔ آج صبح سے شہر میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور موسلادھار بارش کے نتیجہ میں نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا اور نئے شہر کے علاقوں میں سڑکوں پر کئی گھنٹوں تک پانی جمع رہنے سے ٹریفک میں خلل پڑا۔ مسلسل بارش کے نتیجہ میں ٹریفک جام میں راہگیروں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ نئے شہر کے کئی علاقوں میں دن بھر ٹریفک پولیس کو کافی محنت کرنی پڑی تاکہ ٹریفک کو بحال کیا جاسکے۔ مادھا پور، ہائی ٹیک سٹی اور میاں پور کے علاقوں میں بھی گھنٹوں ٹریفک جام رہی اور سرکاری و خانگی دفاتر کے ملازمین کو مقررہ وقت پر پہنچنے میں دشواری پیش آئی۔ ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ٹریفک جام والی سڑکوں کے استعمال سے گریز کریں۔ پی وی نرسمہا راؤ فلائی اوور ، سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل مانصاحب ٹینک ، لکڑی کا پل ، خیریت آباد ، پنجہ گٹہ ، تارناکہ ، رسول پورہ ، نامپلی اور دیگر علاقوں میں ٹریفک جام کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے ٹریفک بہاؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے گئے ۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک جی سدھیر بابو نے رسول پورہ ، تارناکہ اور سنگیت جنکشن کا دورہ کرتے ہوئے ٹریفک کو بحال کرنے میں مدد کی ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں حیدرآباد میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ جی ایچ ایم سی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایمرجنسی خدمات کے لئے 040-21111111 یا 9000113667 پر ربط پیدا کریں۔ حیدرآباد میں آج خیریت زون میں سب سے زیادہ 28.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ شیخ پیٹ ، امیر پیٹ ، ماریڈ پلی اور مشیر آباد میں بھی زائد بارش درج کی گئی ۔ ٹریفک پولیس نے مزید بارش کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف ضرورت کے تحت مکانات سے باہر نکلیں اور مصروف ترین علاقوں کی سڑکوں پر سفر کرنے سے گریز کریں۔