حیدرآباد ۔ حیدرآباد کے سابق کرکٹر اور ڈومیسٹک سرکٹ کے بہترین اوپنر عبدالعظیم کا حیدرآباد میں انتقال ہوگیا۔ وہ کافی عرصے سے ڈائیلاسز پر تھے۔ ان کی عمر 62 سال تھی اور پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور دو بیٹیاں ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ فروری 2023 میں عظیم نے گردے کی پیوند کاری کی تھی اور انتقال سے قبل وہ کافی عرصے سے ڈائیلاسزکے تحت تھے۔ عظیم ڈومیسٹک ٹیم کے ساتھ اپنے وقت کے دوران حیدرآباد کرکٹ حلقوں میں ایک بے حد قابل احترام شخصیت تھے۔ وہ میدان کے اندر اور باہر ایک مکمل شریف آدمی تھے جیسا کہ حیدرآباد کرکٹ پلیئرز اسوسی ایشن (ایچ سی اے) کے سلیکٹر کی حیثیت سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے ان کا خیال تھا کہ ریاستی ٹیموں کا انتخاب کرتے وقت درست قواعد پر عمل نہیں کیا جا رہا تھا۔ایک پیشہ ورکرکٹر کے طور پر اپنے دور میں، عبدالعظیم نے 73 فرسٹ کلاس میچوں میں حصہ لیا اور 43.40 کی بہترین اوسط سے مجموعی طور پر 4644 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی 114 اننگز میں 12 سنچریاں اور 28 نصف سنچریاں اسکورکیں۔عبدالعظیم کو 1986 کے رانجی سیزن میں تمل ناڈو کے خلاف ٹرپل سنچری بنانے کا اعزازبھی حاصل ہے۔