کلبرگی: کرناٹک میں آج ایک خاتون ووٹر کی شکایت کے بعد ایک پولنگ آفیسر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ خاتون کا الزام ہیکہ آفیسر نے ووٹنگ کے عمل میں اس کی مدد کی، لیکن ووٹ بی جے پی کے حق میں ڈلوا دیا، جو وہ نہیں چاہتی تھی۔ یہ معاملہ کلبرگی ضلع کے چت پور انتخابی حلقہ کے ایک پولنگ سنٹر پر پیش آیا ہے۔خاتون ووٹر باسمّا اینٹومن نے پولنگ آفیسر بی سی چوہان سے گزارش کی تھی کہ وہ کانگریس امیدوار پریانک کھرگے کے حق میں اپنا ووٹ ڈالیں گی مگر پولنگ آفیسر نے ان کا ووٹ بی جے پی امیدوار منی کانت راٹھوڑ کے حق میں ڈلوا دیا۔ پریانک کھرگے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کے بیٹے ہیں۔ خاتون نے پولنگ آفیسر کے عمل کی مخالفت کی اور جب یہ بات کانگریس کارکنان تک پہنچی تو انھوں نے پولنگ آفیسر کیخلاف آواز اٹھائی۔ کانگریس امیدوار پریانک نے الیکٹورل آفیسر نوین کمار سے شکایت کی۔ بعد ازاں پولنگ آفیسر کو فوراً ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا۔
