پاسداران انقلاب کا اہم عہدیدار فوت
تہران۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایران میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے سرکاری عہدیداران اور ذمہ داران کی فہرست میں تازہ ترین نام محمد جواد ایروانی کا ہے۔ ایروانی رہبر اعلی علی خامنہ ای کے دفتر میں اکاؤنٹس اینڈ کنٹرول کے ذمے دار ہیں۔ وہ تشخیص مصلحت نظام کے کمپلیکس کے رکن بھی ہیں۔ ایرانی نیوز ایجنسی “فارس” کے مطابق ایروانی کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے چہارشنبہ کو اس مہلک وائرس کو “عالمی وبا” کا درجہ دے دیا۔مذکورہ نیوز ایجنسی نے چہارشنبہ کی شام کرونا سے متاثرہ حکومتی ذمے داران کی فہرست جاری کی۔ ان میں حکومت کے چار وزراء (نائب صدر، خواتین کے امور کے لیے صدر کی مشیر، وزیر صنعت اور وزیر سیاحت) اور پانچ ارکان پارلیمنٹ نمایاں ترین ہیں۔ادھر ایرانی میڈیا نے جمعرات کے روز بتایا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے القدس مرکز کے لاجسٹک امور کا نائب کمانڈر محمود پلارک کرونا وائرس میں مبتلا ہو کر فوت ہو گیا۔ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی “فارس” نے صدر حسن روحانی کے نائب اسحاق جہانگیری کے کورونا سے متاثر ہونے کی بھی تصدیق کر دی ہے۔ جہانگیری کی صحت کے حوالے سے کئی روز سے قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ حالیہ عرصے میں منعقد ہونے والے اعلی سطح کے اجلاسوں کی تصاویر میں جہانگیری کہیں نظر نہیں آئے۔رپورٹوں کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے 20 سے زیادہ ارکان کرونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔چہارشنبہ کے روز ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیر جنرل رمضان شریف نے اعلان کیا کہ کورونا وائرس کے سبب پاسداران کے 5 عناصر موت کا شکار ہو چکے ہیں۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نے مذکورہ عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاسداران کے ایک لاکھ سے زیادہ تربیت یافتہ اہلکار اس وقت کرونا وائرس کے انسداد کے میدان میں کام کر رہے ہیں۔ ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 354 ہوگئی ہے۔