عثمانیہ یونیورسٹی میں سیول سروسیس کامیاب طلبا کو تہنیت ۔ وائس چانسلر و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 2 جولائی ( سیاست نیوز ) وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈی رویندر یادو نے کہا کہ حال ہی میں جن طلبا نے سیول سروسیس کا امتحان کامیاب کیا ہے انہوں نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ آپ چاہے کسی بھی خاندانی پس منظر سے تعلق رکھتے ہوں اگر محنت کرتے ہیں تو یو پی ایس سی کو کامیاب کیا جاسکتا ہے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں جن طلبا نے سیول سروسیس امتحان 2021 کامیاب کیا ہے انہیں تہنیت پیش کی گئی ۔ ٹیگور آڈیٹوریم میں منعقدہ اس پروگرام کا انعقاد بی سی ویلفیر محکمہ کے تعاون سے کیا گیا تھا ۔ کئی طلبا نے اس میںشرکت کی ۔ اس موقع پر طلبا نے عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبا کے ساتھ امتحانات کی تیاری اور کامیابی سے متعلق اپنے تجربات شئیر کئے ۔ وائس چانسلر پروفیسر رویندر یادو نے کہا کہ اس طرح کے پروگرامس کے ذریعہ دیہی علاقوں کے طلبا کی حوصلہ افزائی ہوگی کہ وہ بھی سیول سروسیس کی تیاری کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل قریب میں عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبا کیلئے سیول سروسیس اکیڈیمی دستیاب کروائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کیلئے نعرہ دیا جائیگا کہ وہ طالب علم کی حیثیت سے آئیں اور سیول سرونٹ کی حیثیت سے آگے بڑھیں۔ بی سی ویلفیر محکمہ کے چیف سکریٹری بی وینکٹیشم نے کہا کہ آئندہ سال تک کم از کم دس تا پندرہ عثمانیہ یونیورسٹی طلبا کو سیول سروسیس امتحان کامیاب کرنا چاہئے ۔ اگر وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو اس سے دوسروں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ یونیورسٹی طلبا کو مشورہ دیا گیا کہ وہ مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبا کی کامیابی سے جوش و جذبہ حاصل کریں اور آگے بڑھیں ۔ طلبا سے کہا گیا کہ بہتر منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے ذریعہ سیول سروسیس امتحان کو کامیاب کیا جاسکتا ہے اور ابتداء ہی سے اس کے تعلق سے منصوبہ بندی ضروری ہے ۔ ایک یو پی ایس سی کامیاب طالب علم نے بتایا کہ انہوں نے نویں جماعت ہی میں طئے کرلیا تھا کہ انہیں آئی اے ایس عہدیدار بننا ہے ۔ دوسرے یو پی ایس سی کامیاب طلبا نے بھی یونیورسٹی طلبا کو اپنے تجربات سے واقف کروایا اور تلقین کی کہ اگر وہ محنت کرتے ہیں تو کسی بھی امتحان میں کامیابی حاصل کرنا مشکل نہیں ہوگا ۔