نئی دہلی: ’’ڈیئر !ایچ ڈی ایف سی صارف، آج آپ کا ایف ڈی ایف سی اکاؤنٹ آج بلاک کر دیا جائے گا۔ براہ کرم فوری طور پر اپنا پین کارڈ اپ ڈیٹ کریں۔ یہاں کلک کریں۔‘‘ آپ کو ایسے بہت سے پیغامات موصول ہوئے ہوں گے، اگر آپ اس طرح کے پیغام کے باوجود ٹھگی کا شکار ہونے سے بچ گئے تو آپ خوش قسمت ہیں کیونکہ ایسے ہی کسی پیغام کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ سائبر فراڈ کا شکار ہو رہے ہیں۔بہت سے سائبر متاثرین کی طرح دہلی کے سنیل اروڑہ (58) بھی اپنے موبائل فون پر اس طرح کا ایک انتباہی پیغام دیکھ کر حیران رہ گئے۔ گھبرائے ہوئے اروڑہ نے جیسے ہی لنک پر کلک کیا، ان کے اکاؤنٹ سے تیزی سے 20000 روپے کاٹ لیے گئے۔اروڑہ کو بعد میں معلوم چلا کہ وہ سائبر فراڈ کا شکار ہو چکے ہیں اور ان کے بینک کھاتہ میں کوئی پریشانی نہیں تھی۔ اروڑہ ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرتے ہیں اور اپنی ریٹائرمنٹ سے صرف دو سال دور ہیں، انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی لیکن ان کی محنت سے کمائی ہوئی رقم واپس نہیں مل سکی۔