ٹرینیں اور سڑک پر نقل و حرکت متاثر ، ممبئی اور مضافاتی علاقے زیر آب
ممبئی۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہفتے تک خشک موسم کے بعد آج ممبئی اور پڑوسی اضلاع میں رات کے وقت موسلادھار بارش ہوئی جو چہارشنبہ کی صبح تک جاری رہی جس کی وجہ سے بعض علاقے زیر آب آگئے۔ لوک ٹرینیں اور سڑک پر نقل و حرکت سست رفتار ہوگئی۔ مضافاتی علاقے اندھیری میں حد بصارت میں کمی کی وجہ سے جوچہارشنبہ کی علی الصبح ہونے والی موسلادھار بارش کی نتیجہ تھی۔ برہن ممبئی مجلس بلدیہ کے ترجمان کے بموجب تین کاروں کے اندھیری میں تصادم کی وجہ سے لوگوں کے درمیان جھڑپ ہوگئی اور 8 افراد زخمی ہوگئے ان میں دو ایک فائیو اسٹار ہوٹل جوہو میں ملازم تھے لیکن اب ایک خانگی دواخانے میں شریک ہیں۔ تاہم بارش کی وجہ سے مقامی شہریوں کو راحت حاصل ہوئی جو شدید گرمی کا اور ذخائر آب کے خشک ہوجانے کی وجہ سے مصائب کا سامنا کررہے تھے۔ گزشتہ دو روز سے پانی کی قلت ہوگئی تھی ۔ محکمہ موسمیات نے شہر اور بعض مضافاتی علاقوں میں آئندہ دو دن موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ بارش کا سلسلہ آدھی رات کے بعد شروع ہوا جس کی وجہ سے سیان، دادر، ممبئی سنٹرل، کرلا، اندھیری اور ساکی ناکہ کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور گاڑیوں کی نقل و حرکت سڑکوں پر سست رفتار ہوگئی۔ بی ایم سی کے عہدیدار کے بموجب ہندوستانی محکمہ موسمیات نے 171 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جنوبی ممبئی کی کولابا رصد گاہ میں 8:30 بجے صبح منگل کے دن سے 5:30 بجے صبح چہارشنبہ کے دن تک بارش کی یہ مقدار ریکارڈ تھی۔ سانٹاگروز کی رصدگاہ کے ریکارڈ کے بموجب موسلادھار بارش 58 ملی میٹر تھی۔ بعض علاقوں میں برقی سربراہی بھی ناقص رہی۔ مضافاتی ٹرینیں سنٹرل لائین پر بھی سیلاب کی وجہ سے تاخیر سے چل رہی تھیں۔ 10 تا 15 منٹ تاخیر کرلا اور سیان کے درمیان پانی بھرجانے سے ہوئی۔ مغربی لائین پر بھی تاخیر ہوئی۔ زبردست بارش کی وجہ سے مغربی ریلوے کی مضافاتی خدمات حسب معمول چلتی رہیں۔ وقفہ وقفہ سے زبردست بارش شہر اور مضافاتی علاقوں میں دن کے وقت بھی متوقع ہے۔