خلیفۂ بلافصل سیدنا ابوبکر صدیق ؓ

   

وصال : ۲۲؍جمادی الاخری ۱۳ہجری

حضرات انبیاء عظام علیہم السلام کے بعد تمام انسانوں میںافضل و خلیفۂ بلافصل سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ہیں، جنہیں حضور ﷺ نے اپنا خلیل بنایا، جن کو قرآن کریم میں اللہ نے سچائی کی تائید کرنے والا اور حق و سچ کا پیکر قرار دیا، جنہوںنے زمانۂ جاہلیت میں بھی شراب و جوا اورہمہ جہتی منکرات سے اجتناب کیا ، جن کے بارے میں خلیفۂ ثانی حضرت عمرفاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ: میں اُن کے مقام و مرتبہ تک کبھی نہیں پہنچ سکتا، جنہیں آپ ﷺنے مسلمانوں کی امامت تفویض کی، وہ اسلام اور پیغمبر اسلام ﷺ پر اس قدر احسان کئے کہ خود رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا کہ:’’ اُن کے احسانات کا بدلہ خود اللہ تعالیٰ چکائیں گے، وہ جو صرف عشرہ مبشرہ میں ہی نہیں، بلکہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ: تم میرے حوضِ کوثر پر بھی رفیق ہونگے جیسے سفرِ ہجرت میں رفیق بن کر میرے ساتھ تھے‘‘۔
حضرت ابوبکرصدیقؓ کا نام عبداللہ بن عثمان بن عمر بن عمر القرشی التیمی تھا اور آپؓکی کنیت ابوبکر تھی۔ آپؓ ابوقحافہ کے گھر میں عام الفیل کے دوسال چھ ماہ بعد ۵۷۳ء؁ میں پیدا ہوئے۔ اور آپؓکا وصال ۲۲؍جمادی الاخری ۱۳ہجری میں ہوا ہے۔ آپؓکا لقب صدیق اورعتیق ہے۔ آپؓ نے حضور ﷺ کی ہرلمحہ اور ہر گھڑی تائید و نصرت کی۔ آپﷺ کے اعلانِ نبوت اور سفرِ معراج پر سب سے پہلے تصدیق وگواہی آپؓنے دی، جس پر آپﷺ نے حق و سچ کی تائید کرنے کا لقب (صدیق) عنایت کیا۔ آپ ؓمہاجرین میں سے وہ واحد صحابی ہیں، جن کے والدین نے اسلام قبول کیا اورچار نسلوں نے آپﷺ کی زیارت ہی نہیں کی، بلکہ سبھی حلقہ بگوش اسلام ہوئے۔
ایک مرتبہ نبی اکرمﷺ خانہ کعبہ میں تشریف لاکرکفار کو دینِ متین کی دعوت دینے لگے توکفارنے جواباًگردن مبارک میں کپڑاڈال کر آپﷺ پر تشددکرناشروع کردیا، اسی دوران آپؓکو معلوم ہواتوآپؓ آئے اور کفار سے فرمانے لگے کہ کیا تم ایسی شخصیت پرظلم وستم ڈھارہے ہو جوتمہیں اللہ کے علاوہ باقی معبودوں کی عبادت کرنے سے منع کرتے ہیں اور صرف ایک اللہ کی عبادت کی طرف بلاتے ہیں ؟ یہ کہنا تھا کہ کفارِمکہ نبی اکرمﷺ کو چھوڑ کر آپؓ پر حملہ آور ہوگئے۔ کفارنے آپؓ کواتنا مارا کہ آپؓبے ہوش ہوگئے۔ آپؓ کو اس حالت میں گھر لایاگیا۔ گھر پہنچ کر جب آپؓ کو ہوش آیا تو سب سے پہلا سوال آنحضرتﷺ کی خیریت دریافت کرنے سے متعلق تھا۔ والدہ دودھ کا پیالہ لے کر سرہانے کھڑی تھیں کہ آپؓ دودھ نوش فرمائیں، مگر آپؓ نے آپﷺ سے متعلق بارہا استفسار کیا تو والدہ نے امِ جمیل کو طلب کیا، ام جمیل اطلاع دیئے کہ آپ ﷺ بخیر و عافیت ہیں، اس کے باوجود آپؓکی تسلی نہ ہوئی تو اسی حالت میں آپﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ وہاں پہنچ کر حضور ﷺ کی جانب سے حوصلہ ملنے پر آپ جیسی اولوالعزم شخصیت نے اپنے دکھ درد وتکلیف کو بھلاکر اسلام اور حضور ﷺ سے اپنی وابستگی کا اظہارکرتے ہوئے آپﷺ سے دعا کے لئے درخواست کی میری والدہ اسلام قبول کرلے۔ آپ ﷺ نے اس مطالبہ پر ہاتھ اُٹھا کر اپنے رب کے حضور دعامانگی جس کے نتیجہ میں آپ کی والدہ محترمہ مشرف باسلام ہوئیں۔
قرآن میں حضرت سیدنا ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کا تذکرہ سورۂ آل عمران،سورۃ اللیل،سورۃ التوبہ، سورۃ الزمر اورسورۃ الفتح میں ہوا ہے، جن میں آپؓ کے مناقب بیان ہوئے ہیں کہ سفرِ ہجرت کے موقع پر آپؓ دشمنوں کے غارِثور کے دہانے پر پہنچنے کی وجہ سے غمگین ہوئے اور کہنے لگے کہ : اگر دشمن نے ہمارے قدموں کو دیکھ لیا تو پہچان لیں گے، تو آپﷺ نے فرمایا: اُن دوکے بارے میں کیا خیال ہے جن کا تیسرا اللہ ہے ؟ امتیازیہ ہے کہ مفسرین عظام نے لکھا ہے کہ ’’لَاتَحْزَنْ إِنَّ اللّٰہَ مَعَنَا‘‘ کا ارشاد ہوا۔ مطلب یہ کہ ابوبکر صدیقؓ کو اپنا خوف اور اپنی فکر نہیں تھی، بلکہ پریشان تھے تو حضور ﷺ سے متعلق تھے کہ کہیں دشمن آپﷺ کو نقصان نہ پہنچا دے۔ اسی طرح کفار کی جانب سے اللہ تعالیٰ کا تمسخر اُڑایا گیا تو اس معاملہ کا تصفیہ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں آیت کریمہ نازل کرکے کیا۔ آپؓکی جانب سے راہِ خدا میں صدقہ و خیرات کی گواہی سورۃ اللیل کی آخری آیات میں دی گئی۔ سورۃ الزمر میں آپؓ کے پیکرِ صداقت ہونے کو بیان کیا گیا۔ سورۃ الفتح میں آپﷺ کی معیت و صحبت کا تذکرہ ہوا۔

مقامِ صدیق ؓ بزبانِ صادق ﷺ : حضور ﷺ پر مردوں میں سب سے پہلے ابوبکرصدیقؓ ایمان لائے۔ سیدنا ابوبکرصدیقؓنے قبولِ اسلام سے تادمِ زیست خود کو اوراپنے اہل خانہ کو اسلام کی خدمت کے لئے وقف کردیا، جس کا نتیجہ ہے کہ قرآن کریم میں جہاںعظمتِ صدیقیؓکے تذکرے ملتے ہیں، وہیں پر رسول اللہﷺ کی احادیث شریفہ میں آپ کے فضائل و مناقب بیان ہوئے کہ رسول اللہﷺ ایک مرتبہ اُحد پہاڑ پر سیدنا ابوبکرصدیق، سیدنا عمرفاروق اور سیدنا عثمان رضی اللہ عنہم کے ہمراہ موجود تھے، پہاڑ لرزنے لگا تو آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’تھم جا! تجھ پر نبی و صدیق اوردو شہید موجود ہیں‘‘۔ (بخاری و مسلم)
حضور ﷺ نے سیدنا ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کے متعلق ارشاد فرمایا کہ: ’’ابوبکر صدیقؓ سے محبت مومن کرے گا جبکہ نفرت منافق رکھے گا‘‘۔ احادیث میں یہ بھی واردہوا ہے کہ: ’’آپؓکی موجودگی میں کسی بھی شخص کے لئے روا نہیں کہ وہ مصلائے امامت پر کھڑاہو‘‘ حضور ﷺ کے مرض الوفات میں ۱۷ نمازوں کی امامت سیدنا ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ نے کی اوریہی وجہ ہے کہ حضورﷺ کی لختِ جگر سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کی نمازِ جنازہ، حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہہٗ نے مصلائے امامت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے سپرد کیا۔
روشن خدمات : آپؓ نے مردوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کیا اور آپؓکی دعوت پر حضرت عثمانؓ، حضرت ابوعبیدہ ؓ،حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ جیسے جلیل القدر صحابہؓ حلقہ بگوش اسلام ہوئے۔آپؓ نے قبولِ اسلام کے بعد جان و مال سب کچھ اسلام پر قربان کردیا۔ دشمنانِ اسلام کے ہاتھ پھنسے مظلوم مسلمان مؤذنِ رسول ؐ بلال بن ابی رباح رضی اللہ عنہ ، زنیرہؓ، عامر بن فہیرہؓ، ام عبیسؓ وغیرہ مسلم غلاموں کو مشرکین کی قید سے نجات دلانے کے لئے فدیہ ادا کیا۔ آپؓ اپنے گھرانے کو خدمتِ اسلام اورپیغمبرِ اسلام کے لئے وقف کردیا۔ سفرِ ہجرت میں آپؓ نے دل جمعی کے ساتھ آپﷺ کی خدمت کی۔ جب بھی آپﷺ نے اشاعتِ اسلام کی خاطر مسلمانوں سے صدقہ دینے کی التجا کی تو آپؓ نے سب سے زیادہ مال پیش کیا۔
حضور ﷺ کی وفات اور استقامتِ صدیقی : آپﷺ کے وصال کے بعد تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اس قدر رنجیدہ ہوئے کہ اپنے ہوش وحواس کھوبیٹھے، یہاں تک کہ سیدنا عمرفاروقؓ جیسے مضبوط قوت و جسم کے مالک اور بہادر بھی اس اعلان سے اس قدر متاثر ہوئے کہ ہاتھ میں بے نیام تلوار لے کر یہ کہنے لگے کہ جس شخص کو میں نے یہ کہتے ہوئے سن لیا کہ آپﷺ وفات پاگئے ہیں تو میں اس کا سر قلم کر دوں گا۔ اس موقع پر بھی سیدنا صدیق اکبرؓ نے اپنی فطری بصیرت اور اصابتِ رائے کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے تمام صحابہ رضی اللہ عنہم کو جمع کر کے خطبہ ارشاد فرمایا: ’’لوگو! سنو! جو لوگ تم میں سے آپﷺ کی عبادت کیا کرتے تھے توآپﷺ وفات پاگئے ہیں اورجولوگ اللہ پاک کی عبادت کرتے تھے تو یاد رکھو! اللہ زندہ ہے اور اللہ کی ذات کو کبھی موت نہیں آئے گی۔‘‘ اس کے بعد قرآن پاک کی آیات تلاوت فرما کر اپنی بات کو مزید مؤثر کردیا۔ حضورﷺ کی وفات کے اتنے شدید جان لیوا حادثے کے بعد بھی اتنے بلند حوصلے اور عزائم کا اظہار کوئی بُردبار مزاج اور صابر انسان ہی کر سکتاہے جو رسول اللہﷺ کے بعد اُمت کی قیادت سنبھالنے کا حق دار ہے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو توفیق رفیق عطا فرمائے۔ آمین
[email protected]