سنگاریڈی میں سلائی مشینوں کی تقسیم، بیوٹیشین کی تربیتی کلاسیس ، استفادہ کی خواہش، ضلع کلکٹر و دیگر کا خطاب
سنگاریڈی 9 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگا ریڈی ضلع میں خواتین کی معاشی خود انحصاری کے لیے ایک اور قدم آگے بڑھایا گیا ہے۔ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اسکیم کے تحت خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے، سلائی مشینوں کی تقسیم کے ساتھ بیوٹیشن کی تربیتی کلاسز کا آغاز کیا گیا یہ پروگرام بیٹی بچاؤ-بیٹی پڑھاؤ اسکیم کے تحت محکمہ خواتین و اطفال کی بہبود اور ڈسٹرکٹ ویمن ایمپاورمنٹ سینٹر کے زیراہتمام سنگاریڈی کے مقامی چلڈرن ہوم میں منعقد کیا گیا۔اس پروگرام کے تحت 50 مستحقین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں اور مزید 25 مستحقین کے لیے بیوٹیشن ٹریننگ کلاسز کا آغاز کیا گیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد خواتین کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں مالی طور پر مضبوط کرنا ہے بنیادی مقصد خاص طور پر معاشی طور پر پسماندہ خواتین، اکیلی خواتین، بیواؤں، اسکول چھوڑنے والوں اور دیگر اہل مستحقین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔پروگرام کا افتتاح ٹی جی آئی سی سی چیئرپرسن نرملا جگاریڈی اور ضلع کلکٹر پراوینیا نے کیا۔ اس موقع پر ٹی جی آئی سی سی چیئرپرسن نرملا جگاریڈی نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام خواتین کی ترقی میں بہت زیادہ تعاون کریں گے اور حکومت کا مقصد خواتین کو تمام شعبوں میں آگے لانا اور ترقی دلانا ہے۔ضلع کلکٹر پراوینیا نے کہا کہ بیٹی بچاؤ – بیٹی پڑھاؤ اسکیم کے ذریعے سلائی مشینوں کی تقسیم اور بیوٹیشن کی تربیت سے خواتین کی زندگی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ خود روزگار کے ذریعے معاشی ترقی حاصل کریں میونسپل چیئرپرسن ونیتا سنتوش نے کہا کہ خواتین کو فراہم کردہ مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور خود کفالت حاصل کرنی چاہئے۔ضلع بہبود افسر للیتا کماری نے خواتین اور بچوں کی بہبود کے محکمہ کی طرف سے ترقیاتی اسکیموں کے بارے میں تفصیلات پیش کیے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ویمن ایمپاورمنٹ سنٹر کی کوآرڈینیٹر پلوی، سی ڈی پی او چندرکلا، ڈی سی پی او رتنم، چلڈرن سپرنٹنڈنٹ وجیا، کونسلرس اور دیگر موجود تھے۔