کُل جماعتی قائدین کا اقدام، فی کس ایک لاکھ روپئے کی امداد، کودنڈا رام اور وینکٹ ریڈی کی تقاریر
حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) کُل جماعتی قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انٹر امتحانی نتائج میں بے قاعدگیوں کے سبب خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندانوں کو حکومت کی جانب سے ایکس گریشیا منظور کیا جائے۔ کانگریس، تلگودیشم، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے قائدین نے خودکشی کرنے والی ایک طالبہ انامیکا کے افراد خاندان کو ایک لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا۔ اس سلسلہ میں مخدوم بھون میں تقریب منعقد ہوئی۔ انامیکا کی والدہ شریمتی ہریکا نے یہ چیک حاصل کیا۔ اس موقع پر تلگودیشم پارٹی پولیٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام ، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، سی پی آئی کے ریاستی کونسل کے رکن ڈاکٹر سدھاکر، تلنگانہ پیپلز سوسائٹی کے صدر ڈی پی ریڈی، تلگودیشم قائد اے راما راؤ اور دوسرے موجود تھے۔ کُل جماعتی قائدین نے خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندانوں کو فی کس ایک لاکھ روپئے کی امداد کا فیصلہ کیا ہے اور ابھی تک صرف ایک خاندان کو امداد جاری کی گئی۔ آر چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے لہذا ہم عوام سے عطیات وصول کرتے ہوئے امداد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے عطیات وصول کرنے کی کوشش پر حکومت کی جانب سے گرفتارکیا جارہا ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے حکومت نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار تک نہیں کیا۔ حکومت کے اس رویہ کو دیکھتے ہوئے ہم نے یہ ذمہ داری سنبھالی ہے ۔ کم از کم حکومت کو اب اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے آگے آنا چاہیئے۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے عوام سے عطیات وصول کرنے پر گرفتاریوں کو شرمناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اپنے انتخابی حلقہ میں ہر شخص کو 10 لاکھ روپئے تک کی امداد فراہم کی ہے۔ جس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن چیف منسٹر صرف اپنے حلقہ کیلئے چیف منسٹر نہیں ہوتے بلکہ ساری ریاست کا خیال رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ انٹر کی خودکشی کرنے والی طالبات کے خاندانوں کا تحفظ کریں۔ کودنڈا رام نے کہا کہ ہم حتیٰ المقدور اس بات کی کوشش کریں گے کہ ان خاندانوں کی بہتر مدد کی جاسکے۔ ڈاکٹر سدھاکر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی امداد کے سلسلہ میں فراخدلانہ عطیات دیں۔ عطیات کیلئے فون نمبر 9440801836 پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔