درود شریف کی سب سے بڑی فضیلت اور خصوصیت یہ ہے کہ درود شریف کو کثرت سے پڑھنے والے کو خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کی زیارت نصیب ہوتی ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ کی زیارت اہل ایمان کے لئے سب سے بڑی نعمت ہے، جس کے آگے دنیا کی ساری نعمتیں ہیچ ہیں۔ یہ نایاب دولت صرف ان لوگوں کو نصیب ہوتی ہے، جنھیں حضور نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس سے والہانہ عقیدت اور محبت ہو۔ ایک حدیث شریف میں حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جس نے مجھے خواب میں دیکھا، اس نے مجھے ہی دیکھا‘‘۔ حضور اکرم ﷺکی زیارت ایک ایسی نادر چیز ہے، جو دنیا کی دولت سے نہیں خریدی جاسکتی۔ اگر کوئی شخص لاکھوں روپئے کسی کو دے کر کہے کہ مجھے زیارت کرادو تو رضائے الہٰی کے بغیر زیارت نہیں ہوسکتی۔ یہ دولت صرف حضور نبی کریم ﷺ کی رضا اور محبت سے نصیب ہوتی ہے۔
ایک بزرگ فرماتے ہیں کہ میں نے اپنا یہ معمول بنا رکھا تھا کہ رات کو سونے سے پہلے ایک مقدار میں درود شریف پڑھا کرتا تھا۔ ایک رات میں اپنے بالا خانہ پر اپنا وظیفۂ درود شریف پورا کرکے سو گیا تو حضور نبی کریم ﷺکی خواب میں زیارت نصیب ہوئی۔ میں نے دیکھا کہ آپﷺ بالاخانہ کے اندر تشریف فرما ہیں اور آپﷺ کی تشریف آوری سے سارا بالا خانہ یکدم روشن ہوگیا۔وہ بزرگ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ میرے پاس تشریف لائے اور فرمایا: ’’ذرا اپنے اس منہ کو آگے کرو، جس سے تم کثرت سے درود شریف پڑھتے ہو، تاکہ میں اس کو چوم لوں‘‘۔ مجھے شرم آئی تو آپﷺ نے میرے رخسار کو بوسہ دیا۔ گھبراہٹ میں میری آنکھ کھل گئی اور ساتھ ہی میری بیوی بھی جاگ گئی۔ ہم دونوں نے دیکھا کہ سارا بالا خانہ مشک کی خوشبو سے مہک رہا ہے اور مشک کی خوشبو میرے رخسار سے کئی روز تک آتی رہی۔حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا: ’’وہ انسان بخیل ہے، جس کے سامنے میرا ذکر کیا جائے اور وہ مجھ پر درود شریف نہ پڑھے‘‘۔ فرمایا: ’’جو مجھ پر ایک بار درود شریف پڑھتا ہے، اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے‘‘۔ (مرسلہ)