درگاہ حضرت سید سعد اللہ حسینؒ بڑا پہاڑ کے اطراف ترقی دینے کا عزم

   

اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس کی صندل مالی میں شرکت ، زائرین کے لیے بہتر انتظامات کی ہدایت
حیدرآباد۔2۔فروری(سیاست نیوز) درگاہ حضرت سید سعداللہ حسینؒ بڑا پہاڑ نظام آباد کے اطراف و اکناف ترقیاتی کاموں کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس خصوص میں چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے نمائندگی کرتے ہوئے خصوصی بجٹ کی اجرائی کے لئے خواہش کی جائے گی۔ اسپیکر ریاستی اسمبلی مسٹر پوچارم سرینواس ریڈی نے آج درگاہ کے صندل میں شرکت کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا ۔ انہوں نے صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان کو اس موقع پر درگاہ بڑا پہاڑ پر زائرین کی سہولت کے لئے مسافر خانہ کی تعمیر اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں متوجہ کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی وقف بورڈ اگر تجاویز تیار کرتے ہوئے انہیں روانہ کرتا ہے تو وہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی کرتے ہوئے درگاہ بڑا پہاڑ کو مذہبی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات میں تعاون کی خواہش کریں گے۔مسٹر پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت ضلع نظام آباد میں موجود اس درگاہ کی ترقی کے معاملہ میں اقدامات کو یقینی بنائے گی اور وہ حکومت کو اس سلسلہ میں متوجہ کرواتے ہوئے ترقیاتی کاموں کے آغاز کے لئے نمائندگی کریں گے۔محمد مسیح اللہ خان نے صندل مبارک میں شرکت سے قبل زائرین کی سہولت کے لئے اسپیکر اسمبلی کے بجٹ سے تعمیر کردہ بس اسٹاپ کا افتتاح انجام دیا اور بعدازاں صندل مالی کے امور انجام دئیے۔جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ اسپیکراسمبلی کی عین خواہش کے مطابق وقف بورڈ جلد از جلد اس سلسلہ میں ترقیاتی منصوبہ تیار کرتے ہوئے روانہ کردے گا۔انہو ںنے بتایا کہ عرس شریف کے دوران زائرین کو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں وقف بورڈ کی جانب سے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں اور عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ معیاری انتظامات کو یقینی بنائیں۔ اسپیکر اسمبلی نے ضلع نظام آباد کی اس درگاہ کو مذہبی سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے متعلق سنجیدہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس درگاہ کے معتقدین میں ریاست تلنگانہ کے علاوہ مہاراشٹرا‘ آندھراپردیش اور کرناٹک کے عوام کی بڑی تعداد ہے جو سال بھر کے دوران بغرض زیارت یہاں پہنچتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اس آستانہ پر تمام مذاہب و طبقات سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد پہنچتی ہے اور تمام کو سہولتوں کی فراہمی وقف بورڈ کی ذمہ داری ہے ۔ صندل تقریب میں صدرنشین وقف بورڈ کے ہمراہ بورڈ کے عہدیداروں کے علاوہ بی آر ایس قائدین جناب محمد اطہر جناب بدرالدین اور دیگر موجود تھے۔م